نہ صرف نام بلکہ شکل بھی ۔ ۔۔ ٹرو کالر نے زبردست فیچر متعارف کرادیا
لاہور(نمائندہ خصوصی) ’ٹرو کالر‘ مقبول ترین موبائل فون ایپلی کیشن ہے جو صارفین کوآڈیو، ویڈیو کال، ٹیکسٹ، فلیش پیغامات بھیجنے اور موصول کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اب ایپلی کیشن نے اپنے فیچرز کو وسعت دیتے ہوئے ’گوگل ڈو‘ کے ساتھ انضمام کا اعلان کر دیا ہے جس سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین ٹروکالر کی ایپلی کیشن میں رہتے ہوئے ویڈیوکالزبھی کر سکیں گے۔اس نئے فیچر کے اضافے سے ٹروکالر کے دنیا بھر میں موجود 25کروڑ سے زائد صارفین ویڈیو کالنگ کی معیاری سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین ایک بٹن دباکرٹروکالر کی ایپلی کیشن کے اندر رہتے ہوئے’گوگل ڈو‘ بھی استعمال کر سکیں گے۔ گویا اب انہیں گوگل ڈو استعمال کرنے کے لیے ٹروکالر ایپلی کیشن بند کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔اس کے علاوہ اس فیچر کے اضافے کے بعد صارفین ویڈیو کال کے دوران وائی فائی سے سیلولرڈیٹا یا سیلولر ڈیٹا سے وائی فائی پر بھی جا سکیں گے اور ان کی کال بھی اس سے متاثر نہیں ہو گی۔یہ نیا فیچر موبائل فون صارفین کے لیے دستیاب ہے اور یہ اختیاری فیچر ہے۔ صارفین ایپلی کیشن میں اسے آن کا آف بھی کر سکتے ہیں۔ گوگل ڈو بھی اعلیٰ معیار کی ویڈیو کالنگ سہولت فراہم کرنے والی ایپلی کیشن ہے۔یہ نیا فیچر متعارف کروانے پروائس پریزیڈنٹ آف پراڈکٹ، ٹروکالر رشت جھنجھن والا کا کہنا تھا کہ ”بسااوقات آواز اور تحریری پیغامات کافی نہیں ہوتے اور کوئی چیز آمنے سامنے بیٹھ کر گفتگو کرنے کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ چنانچہ ہم ایک ہی جگہ پر ہر طرح کی گفتگو کی سہولت فراہم کرنے کے عزم میں ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے ہم فخریہ طور پریہ نیا فیچر متعارف کروا رہے ہیں۔ گوگل ڈو جیسے عمدہ پارٹنر کے ساتھ مل کر ہم اپنے صارفین کو اعلیٰ معیار کی ویڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں اور اس سے گوگل ڈو کے صارفین بھی مستفید ہو سکیں گے۔“اس موقع پر گوگل ڈو کے سربراہ امیت فولے کا کہنا تھا کہ ”صارفین کوئی بھی پلیٹ فارم استعمال کر رہے ہوں، ویڈیو کالنگ کی سہولت ہر ایک کے لیے ہونی چاہیے۔ ہمارا مقصد ویڈیو کالنگ کو سادہ، تیز اور ہر شخص کی دسترس تک پہنچانا ہے۔ٹروکالر کے ساتھ انضمام کے بعد ہم اپنے کروڑوں صارفین کو بہتر ویڈیوکالنگ کی سہولت دینے کے قابل ہو گئے ہیں۔“واضح رہے کہ ٹروکالر ایک ایسی ایپلی کیشن ہے جو اپنے صارفین کو رابطہ کرنے والے شخص کی شناخت سے آگاہ رکھتی ہے اور ان چاہے لوگوں کو الگ کرکے صرف ان لوگوں سے رابطہ کرنے میں مدد دیتی ہے جو ان کے لیے اہمیت کے حامل ہوں۔ کمپنی اپنے صارفین کو کئی طرح کی منفرد خدمات فراہم کرتی ہے جن میں ایک ’ڈائیلر‘ کی سروس بھی شامل ہے۔ اس کے ذریعے صارفین کال کرنے یا پیغام بھیجنے والے شخص کی شناخت کر سکتے ہیں ۔ ٹروکالر کا مقصد ہر جگہ اعتماد کی فضاءقائم کرنا ہے اور گفتگو کو محفوظ اور مو ثر بناکر کمپنی یہ فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔