وزن میں کمی کے خواہشمند افراد ڈائیٹنگ کو ترجیح دیتے ہیں جس سے اکثر لوگ دبلے ہونے کے بجائے کمزور ہو جاتے ہیں، وزن میں کمی لانے کے لیے سب سے پہلے اپنی غذا میں کیلوریز کا استعمال کم سے کم کریں اور صحت منداور مناسب غذا کا استعمال شروع کر دیں۔ماہرین غذائیت کے مطابق ڈرائی فروٹس کا شمار ان سپر فوڈ میں کیا جاتا ہے جن میں کیلوریز کی مقدار کم اور وٹامنز اور منرلز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، مختلف اقسام کی گریاں ایک ساتھ ایک مناسب مقدار میں استعمال میں لائی جا سکتی ہیں جس سے مجموعی طور پر صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، ڈرائی فروٹس کی تاثیر گرم ہونے کے باعث ان کا استعمال سردیوں میں زیادہ کیا جاتا ہے۔
ڈرائی فروٹ کے کیا فوائد ہیں ؟
دنیا کی سب سے قدیم غذا اور قدرتی سپلیمنٹس کے طور پر استعمال ہونے والی گریوں میں انسانی جسم کے لیے فائدہ مند چکنائی ’ پولی سیچو ریٹڈ‘ اور’ مونو سیچوریٹڈ فیٹس، انسانی جسم کو مطلوب بنیادی پروٹینز، منرلز، فائبر ، اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء، وافر مقدار میں وٹامنز، فائٹوسٹیرول جو کہ انسانی جسم کے وزن میں کمی لانے والے عمل کا باعث بنتا ہے۔میووں کے استعمال سے کینسر ، دل کی بیماریوں ، ذیابطیس 2 سے بچاؤ سمیت کولیسٹرول لیول کو متوازن رہنے میں مدد ملتی ہے۔ڈرائی فروٹسکی 11 مختلف اقسام ہیں جن میں مونگ پھلی واحد گری ہے جو درخت یا پودے کے بجائے زمین کے اندر افزائش پاتی ہے، باقی ڈرائی فروٹس جیسے کہ بادام، اخروٹ، پستہ، برازیلی گری ، ہیزل نٹ، کاجو، میکاڈیمیا، چیسٹ نٹس ، پیکن وغیرہ۔
گری میوہ جات میں چکنائی کی مقدار پائے جانے کے باعث انہیں تا حال مضر صحت بھی تصور کیا جاتا ہے ، ایک تحقیق کے مطابق 45 فیصد افراد گریوں کا بالکل بھی استعمال نہیں کرتے صرف یہ سوچ کر کہ گریوں کے استعمال سے ان میں کولیسٹرول کی زیادتی ہو جائے گی۔
ڈرائی فروٹ کے ذریعے وزن کیسے کم کیا جا سکتا ہے؟
ماہرین غذائیت کے مطابق ایک مٹھی بھر ڈرائی فروٹس کھانا جنک فوڈ کھانے سے کئی گناہ زیادہ صحت بخش اقدام ہے، جنک فوڈ وزن بڑھاتا ہے جبکہ ان کے استعمال سے وزن میں کمی آتی ہے۔ بادام، مونگ پھلی اور پستہ فائبر اور پروٹین کا بہترین ذریعہ ہے، یہ تینوں ڈرائی فروٹس وزن میں کمی کے لیے بہترین سمجھے جاتے ہیں جن کے کھانے سے انسان خود کو سیر سمجھتا ہے اور بھو ک کا احساس نہیں رہتا۔نمک میں بنے ہوئے یا روسٹ کیے ہوئے ڈرائی فروٹس زیادہ پسند کیے جاتے ہیں مگر انہیں بھی مناسب مقدار میں استعمال کریں، روسٹ کیے ہوئے ڈرائی فروٹس کو نمی اور سورج کی شعاؤں سے بچا کر رکھنا چاہیے، ان کو زیادہ روسٹ کرنے سے گریز کریں ورنہ ان میں سے وٹامن بی سمیت اینٹی آکسیڈنٹ جز زائل ہو جائیں گے۔