مشہورمجرم کی قبرپراسکامجسمہ اورقیمتی کارکاماڈل نصب
بسا اوقات عادی مجرم بھی ایک مشہور شخصیت کا روپ دھار لیتے ہیں۔ ایسا ہی واقعہ اسپین میں پیش آیا ہے جب مشہور مجرم کی قبر پر اس کا مجسمہ اور پسندیدہ گاڑی کی نقل(ریپلیکا)نصب کی گئی ہے۔اسپین کے شہر غرناطہ کے قبرستان میں ایک قبر پر آپ عالیشان دھاتی مجسمہ دیکھ سکتے ہیں جو اس کی عین جسامت کے برابر ہے۔ اسی کے ساتھ آڈی کیو فائیو کار کا ماڈل بھی موجود ہے جس پر بیٹھ کر مجرم وارداتیں کرتا تھا۔اینتونیو المعروف ایل ٹونٹو( یعنی احمق)پورے اسپین میں قزاقِ ٹرک کے نام سے مشہور تھا جسے تاریخ کا کامیاب مجرم قرار دیا جاسکتا ہے۔ اپنے شاندار کیریئر میں وہ 60 مرتبہ گرفتار ہوا اور وہ بڑے قیمتی ٹرالر اور ٹرک چوری کرتا تھا اور ان کے بدلے قیمتی سامان، پرفیوم اور کمپیوٹر وغیرہ خریدا کرتا تھا۔ اسپین میں بھنگ اور حشیش کا کاروبار بھی اسی نے شروع کیا۔ ترقی کے برق رفتار سفر میں اس نے ایک مارکیٹ بنائی جس میں وہ اپنی ہی چوری کا سامان بیچتا تھا۔ جرم کی راہ میں وہ منزلوں پر منزلیں مارتا ہوا 46 سال کی عمر میں فوت ہوگیا اور اس سے چند روز قبل اس نے سات بڑے ٹرک چھینے تھے۔