یوکرین کا بوئنگ 737 طیارہ تہران کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق یوکرین کے بوئنگ 737 میں 180 افراد سوار تھے اور طیارہ تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے ٹیک آف کرتے ہی تباہ ہوگیا۔ذرائع کے مطابق طیارہ حادثہ فنی خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔حکام کی جانب سے ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی لیکن طیارہ زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے فوجی تربیت کے پروگرام کی بحالی کی توثیق کر دی ہے۔امریکا کی معاون نائب وزیرِ خارجہ ایلس ویلز کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق اس پروگرام کی بحالی کا فیصلہ امریکا کی قومی سلامتی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام سے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ایلس ویلز نے یہ بھی بتایا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے تاہم سلامتی سے متعلق دیگر معاون پروگراموں پر پابندی اب بھی برقرار ہے۔واضح رہےکہ امریکا کی جانب سے گزشتہ ماہ اپنے فوجی تربیتی اور تعلیمی پروگرام میں پاکستان فوج کے افسران کی شمولیت کی بحالی کی منظوری دی گئی۔دو سال قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹر نیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام (آئی ایم ای ٹی) میں پاکستانی فوج کے افسران کی شمولیت پر پابندی عائد کی تھی۔
عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی راکٹ حملے میں ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بغداد کارگو ٹرمینل کے قریب سڑک پر 2 گاڑیوں کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔جنرل سلیمانی کے بغداد ایئر پورٹ پر اترتے ہی امریکی فوج کی جانب سے راکٹ حملہ کر کے انہیں نشانہ بنایا گیا۔ایرانی ٹی وی نے بغداد ایئر پورٹ پر امریکی حملے میں جنرل سلیمانی کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔روسی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے بغداد ایئر پورٹ کے قریب راکٹس سے 2 اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔عراق کی پاپولر موبائلائزیشن فورس نے حملے میں اپنے 5 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ راکٹ حملے میں 2 مہمان بھی مارے گئے۔عراق کی پاپولر موبائلائزیشن فورس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حملے میں ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل سلیمانی کے علاوہ عراق کی پاپولر موبائلائزیشن فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے بھی ایرانی جنرل سلیمانی کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے امریکی پرچم ٹوئٹ کیا ہے۔عراقی پاپولر موبائلائزیشن فورس نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ابومہدی المہندس اور قاسم سلیمانی پر حملے میں ملوث ہیں۔ایران کے پاسداران انقلاب اور امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے بھی ایرانی میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔پینٹاگون کا کہنا ہے کہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم کے مطابق نشانہ بنایا گیاہے۔
ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور ہالی ووڈ فلم ’اسٹار وارز دی رائز آف اسکائی واکر‘ مسلسل دوسرے ہفتےبھی امریکی باکس آفس پر پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی، فلم نے اس ہفتے مزید 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کا بزنس کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہالی ووڈ فلم کا گراف مزید اوپر جارہا ہے اور فلم کے ایڈونچر سے بھرے مناظر مداحوں کو مجبور کررہے ہیں کہ وہ بار بار اس تخلیق کا نظارہ کرنے کے لیے سنیما گھروں کا رخ کریں۔گزشتہ ہفتے فلم نے امریکن باکس آفس پر 3 دن میں 27 ارب 18 کروڑ روپے سے زائد کا شاندار بزنس کیا تھا، جو دسمبر کے مہینے میں کسی فلم کا تیسرا سب سے زیادہ بزنس ہے۔گزشتہ ہفتے بھی دی راک کی فلم ’جمانجی دا نیکسٹ لیول‘ دوسرے پر براجمان تھی اور رواں ہفتے بھی دا نیکسٹ لیول دوسری پوزیشن بچانے میں کامیاب رہی۔
امریکا میں دوران پرواز ڈیلٹا ائیرلائن کے طیارے میں 10 سالہ بچی کی پراسرار موت کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔طیارے کو طبی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر لاس اینجلس ائیرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی،طیارے میں دوران پرواز ایک بچی کی موت واقع ہوگئی تھی۔ائیرپورٹ میں طبی عملے نے بچی کے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بچی نے دوران پرواز ہی طیارے میں دم توڑ دیا تھا تاہم موت کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔
بھارت میں شہریت سے متعلق متنازع قانون کیخلاف مظاہرے آج بھی جاری رہے۔ نئی دلی کی جامعہ مسجد کے باہر مظاہرین کی بڑی تعداد پہنچ گئی، احتجاج روکنے کیلئے دلی کے دو میٹرو اسٹیشن بند کردیئے گئے۔پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کے نتیجے میں بھارت بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔نئی دلی سمیت بھارت کے دیگر شہروں میں متنازع شہریت کے قانون کیخلاف احتجاج جاری ہے، نئی دلی میں جامع مسجد کے باہر احتجاج میں مظاہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔لوگوں نے پولیس کو پھول بھی پیش کئے، نئی دلی میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کرنے والی کانگریسی خواتین اراکین کو حراست میں لے لیا گیا۔جنوبی بھارت میں مینگلور اور اتر پردیش کے صدر مقام لکھنو میں تین ہلاکتوں کے بعد کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
دریں اثناء بھارتی دارالحکومت دلی میں طالب علموں کی جانب سے پولیس کو پھول پیش کرنے اور احتجاج میں ساتھ دینے کی وڈیو وائرل ہوگئی۔کرناٹک میں بی جے پی کے وزیر سی ٹی روی نے گجرات جیسا قتل عام دہرانے اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادیتیہ ناتھ نے املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے متنازع ایکٹ پر ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کردیا۔مظاہرے بھارت سے باہر بھی جاری ہیں، امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں بھی متنازع قانون کیخلاف مظاہرہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے جنیوا میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاک، ترک دوطرفہ تعلقات کے ساتھ کئی اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر عمران خان نےطیب اردوان کو ملائیشیا کانفرنس میں شرکت نہ کرنے پر اعتماد میں لیا۔وزیراعظم جنیوا ریفیوجیز ورلڈ فورم میں لگائے گئے پاکستانی اسٹال پر بھی گئے، انہوں نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔وزیراعظم نے عالمی مہاجرین فورم سے خطاب میں کہا کہ 5اگست سےمقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی لاک ڈاون سے پناہ گزینوں کے ایک اور بحران کاخدشہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں 20 کروڑ مسلمانوں کی شہریت خطرے میں ہے، آسام میں مسلمانوں سے شہریت کا ثبوت مانگا جارہا ہے۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی شہریت ختم کی گئی تو بڑا المیہ جنم لے گا، وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ صورتحال کا نوٹس لے۔
سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے بدھ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے پارلیمنٹ کو یہ اختیار دیدیا کہ وہ وزیراعظم کا انتخاب کرے تاکہ نئے منتخب صدر گوٹا بایا راجہ پکسے کے ساتھ ایک نئی ٹیم کام کرسکے۔وکرما سنگھے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنے استعفیٰ پر مبنی لیٹر جمعرات کو صدر گوٹابایا کو پیش کرینگے۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارے پاس پارلیمانی اکثریت موجود ہے، لیکن ہم اس مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، جو صدر راجہ پکسے کو ملا ہے اور اسے قبول کرتے ہوئے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انھیں موقع دیا جائے کہ وہ اپنی مرضی کی حکومت تشکیل دیں۔اس اقدام سے نئے صدر کے لیے یہ ممکن ہوگیا ہے کہ وہ اپنی کابینہ کا چناؤ کرسکیں۔ سری لنکا کے آئین کے تحت وزیراعظم وکرماسنگھے کو یہ اختیار ہے کہ وہ بحیثیت وزیراعظم آئندہ سال مارچ تک وزیراعظم برقرار رہیں، جس کے بعد صدر نئے انتخابات کے لیے پارلیمنٹ کو تحلیل کرینگے۔ابتدا میں وکرما سنگھے چاہتے تھے کہ قبل ازوقت عام انتخابات ہوجائیں، لیکن انکی جماعت نے اسکی مخالفت کی اور کہا کہ صدارتی انتخابات میں شکست کے بعد ایسا کرنے سے انکی حمایت مزید کم ہوگی۔اب یہ صدر راجہ پکسے پر منحصر ہے کہ وہ نگراں حکومت کا تقرر کریں، آئندہ مارچ میں پارلیمنٹ تحلیل کرکے نئے انتخابات کرائیں یا پھر آئندہ اگست تک انتظار کریں جب پارلیمنٹ کی مدت ختم ہوگی۔ادھر سرکاری ترجمان وجیاناندا ہیراتھ نے کہا ہے کہ جمعرات کو موجودہ وزیراعظم کا استعفیٰ ملنے کے بعد صدر گوٹا بایا کے بھائی اور سابق صدر مہندا راجہ پکسے وزیراعظم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
کینیڈا میں شادی کی تقریب اکھاڑے میں بدل گئی جس میں مہمانوں نے ایک دوسرے پر تھپڑ، مکوں اور لاتوں کی خوب بارش برسائی۔یہ واقعہ کینیڈا کے شہر ’سرے‘ کے ایک شادی ہال میں عالیشان شادی کی تقریب میں پیش آیا۔شادی کی تقریب میں مہمانوں کے درمیان کسی بات پر بحث شروع ہوئی اور یوں دیکھتے ہی دیکھتے اس کا اختتام لڑائی کی صورت میں ہوا اور شادی کی تقریب اکھاڑے کا منظر پیش کرنے لگی۔رپورٹ کے مطابق مہمانوں کے بیچ جھگڑے کی اصل وجہ تو سامنے نہ آسکی تاہم پولیس کی جانب سے اس واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔لڑائی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بےحد مقبول ہو رہی ہے جسے اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔
یہ واقعہ افریقی ملک تنزانیہ کے سفاری پارک میں پیش آیا جب خونخوار چیتا سیاحوں کی جیپ پر ناصرف چڑھ گیا بلکہ خاتون سیاح کے بال سونگھتے ہوئے منہ سے بال پکڑنے کی کوشش بھی کرنے لگا۔اچانک خطرناک چیتے کے جیپ میں گھسنے اور انتہائی قریب آ جانے پر بھی خاتون ناصرف جیپ میں بیٹھی رہیں بلکہ ساکت بیٹھی ویڈیو بھی بناتی رہیں جبکہ خاتون کے یوں ساکت بیٹھنے پر چیتا بنا نقصان پہنچائے جیپ سے اُتر گیا۔خاتون کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور دیکھنے والے جہاں اُسے سراہ رہے ہیں وہیں جان خطرے میں ڈالنے پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔