کراچی :امریکا مخالف ریلی پر پولیس کی شیلنگ،مظاہرین منتشر
کراچی میں نمائش چورنگی پر امریکا مخالف ریلی کے شرکاء پر پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا ، صوبائی حکومت نےمظاہرین پرتشدد کی مذمت کی اور کہا کہ پولیس کو ایسا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے تھا۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے امریکا مخالف ریلی نکالی ،مظاہرین احتجاج کے لئے امریکی قونصل خانے تک جانا چاہتے تھے ، پولیس نے انہیں نمائش چورنگی پر آگے بڑھنے سے روکنے کی وارننگ دی ۔
پولیس حکام کے مطابق وارننگ کے باوجود مظاہرین آگے بڑھے جس پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا اور تین سے چار افراد کو حراست میں لیاگیا ہے۔
پولیس کے مطابق ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے امریکی قونصل خانے تک جانے کا اعلان کر رکھا تھا تاہم پولیس نے نمائش چورنگی سے ایم اے جناح روڈ جانے والے راستہ کنٹینرز لگا کر بند کردیا ۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نمائش چورنگی پر موجود تھی جہاں مظاہرین سے مذاکرات بھی ہوئے لیکن امریکی قونصل خانے تک جانے کی اجازت نہ ملنے اور آگے بڑھنے سے روکنے کی بار بار کی وارننگ کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ایکشن لیا ۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ نےکہاکہ مظاہرین کے پتھراؤ سے ایک ایس ایچ اوزخمی ہوا ہے، پولیس کی نفری گلیوں میں اس لیے گئی ہے کہ مظاہرین املاک کونقصان نہ پہنچائیں۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے مظاہرین پر پولیس کے تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کا رویہ اختیار کرنا نہیں چاہیے تھا،حکومت سندھ نے اس رویے کا نوٹس لیا ہے۔
میونسپل کمیٹی شرقپور شریف میں سترہویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب
جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے نمائش چورنگی پر کشیدہ صورتحال پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ لوگوں کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔