کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبایا نہیں جا سکتا، عبدالرّشید ترابی
کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبایا نہیں جا سکتا،اس وقت مودی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ کشمیری حالات کے ساتھ سمجھوتہ کرلیں اور یا پھر کشمیر سے ہجرت کر جائیں۔ مودی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے چھبیسویں سیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کنوینر آل پارٹیز کشمیر رابطہ کونسل اور آزاد کشمیر کے سابق رکن قانون ساز اسمبلی،سابق امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر، محترم جناب عبدالرشید ترابی صاحب نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جہاں اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے کشمیر کی حمایت کو سراہا وہیں یہ بھی کہا کہ اگر او آئی سی اور خلیجی ریاستیں بھارت پر اپنا اقتصادی و سفارتی دباو ڈالیں تو یہ مسئلہ آج بھی قابلِ حل ہے۔ سیشن کےدوران انہوں نے پبلک ڈپلومیسی کی طاقت پر بھی گفتگو کی اور حاضرین کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دئیے۔سیشن کی میزبانی کے فرائض نذر حافی نے انجام دئیے اور تلاوتِ قرآن مجید کا شرف قاری حسن حسرت نے حاصل کیا۔