27مئی کو لاہور میں پاکستان زندہ باد ریلی میں جہلم سے ایک قافلہ روانہ ہو گا۔ حافظ عبدالحمید عامر
جہلم (محمد زا ہد خورشید ) 27مئی کو لاہور میں پاکستان زندہ باد ریلی میں شرکت کے لیے جامعہ علوم اثریہ جہلم سے ایک قافلہ لاہور روانہ ہو گا، اس بات کا اظہار رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر نے مرکزی جمعیت اہل حدیث، اہل حدیث یوتھ فورس و اہل حدیث سٹوڈنٹس جہلم کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورت حال نہایت کشیدہ ہے جس پر خاموشی سے بیٹھا رہنا کسی صورت درست نہیں، پاکستان میں کچھ عرصہ سے ایک منصوبے کے تحت لوگوں میں منفی سوچ کو پروان چڑھایا جا رہا تھا، ملک دشمنی پر مبنی یہ لاوا کئی ماہ سے پک رہا تھا جو کہ 9مئی کو لاہور، راولپنڈی، پشاور، میانوالی، فیصل آباد، کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں پھٹ گیا اور اس نے ملک کو ایک بڑے نقصان سے دوچار کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرنا نہایت ضروری ہے، ملک کے دفاعی اداروں کو کمزور کرنا اور نقصان پہنچانا یقینی طور پر ملک دشمنی ہے، ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جانا چاہئے اور قانونی شکنجہ میں کس کر نشان عبرت بنانا چاہئے، تاکہ آئندہ کوئی ایسی جسارت نہ کرسکے، ایسے وقت میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان اور اہل یوتھ فورس پاکستان کی مرکزی قیادت نے 27مئی کو لاہور میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی اوردفاعی اداروں و تنصیبات پر حملے کی مذمت کے لیے ”پاکستان زندہ باد ریلی“ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم اس بروقت فیصلہ کو وطن عزیز کے ساتھ محبت کا والہانہ جذبہ سمجھتے ہیں، لہٰذا اس ریلی میں شرکت کے لیے جہلم سے ایک قافلہ لاہور روانہ ہوگا۔