مسئلہ کشمیر و فلسطین رپورٹ: سعید راجپوت
مسئلہ کشمیر و فلسطین۔۔۔ منفعت ایک ہے اِس قوم کی ، نقصان بھی ایک، سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور صدائے کشمیر فورم کے آن لائن سیشن سے مقررین کا خطاب، کشمیر کو تقسیم در تقسیم کر کے اُسکی شناخت ہی ختم کی جا رہی ہے، اس وقت خاموشی امت مسلمہ کے لئےالمیہ اور سانحہ ہے، اہلیانِ پاکستان کا کشمیر اور فلسطین کے ساتھ نظریاتی اور جذباتی لگاو ہے،ہندوستان کشمیر کو اور اسرائیل فلسطین کو ہڑپ نہیں کر سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور صدائے کشمیر فورم کے پانچویں آن لائن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ فورم کے ترجمان نذر حافی نے کہا کہ نفاق اور اختلافات کے ہوتے ہوئے ہمیں مزید کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ انتشار کے ساتھ دشمنوں کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ دشمن جتنا قوی ہے ہمیں بھی اسی قدر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔نذر حافی کے بعد آزاد کشمیر کے ماہر تعلیم جواد کاظمی نے کہا کہ کشمیر کی شناخت کو بچانے کیلئے خود کشمیریوں کو اتحاد، قیادت اور سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ان کے مطابق اہلیانِ پاکستان، کشمیر اور فلسطین کے ساتھ نظریاتی رشتہ اور عشق رکھتے ہیں، یہ ایک نہ ٹوٹنے والا بندھن ہے۔اس موقع پر سیشن سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی تجزیہ کار اور سیاسی و سوشل شخصیت رائے یوسف رضا دھنیالہ نے چناب فارمولے اور پرویز مشرف کی پالیسیوں پر انتہائی مدبرانہ گفتگو کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور اسرائیل کیلئے کشمیر اور فلسطین کو ہڑپ کرنا آسان نہیں ہے۔ ان کے نزدیک آیندہ پاکستان ،آذر بائی جان، ایران، ترکی ، سنٹرل ایشا ، چائنہ اور روس کا بلاک اتحاد کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔انہوں نے کے مطابق حالات جو بھی رُخ اختیار کریں کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ اگر حل نہیں ہوگا تو دبے گا بھی نہیں۔