امتحان کی تیاری کے لیے مطالعہ کرنے کے مفید اُصول.عابد عمر.جنرل نالج بلوچستان
تعارف
مطالعہ کرنے کے لیے اور امتحان کی تیاری کرنے کے لیے کئی طرح کی حکمت عملی یا تدابیر ہوتی ہیں جو کہ کسی بھی طالب علم کی ذاتی پسند یا طبیعت پر منحصر ہوتی ہیں۔ تاہم مطالعہ کے چند بنیادی اُصول آزما کر، مشقیں کر کے اور ضروری حکمت عملی اپنا کر امتحان میں بہتر کارکردگی حا صل کی جا سکتی ہے۔اس مضمون میں انھی مفید اور آزمودہ اُصولوں ، ٹوٹکوں اور مشوروں کو بیان کیا گیا ہے۔ ان کا مطالعہ یقیناََ طالب علموں کے لیے مفید اور فائدہ مند ہوگا۔
مطالعہ کے حوالے سے طالب علموں کے ذہنوں میں بے شمار غلط فہمیاں موجود ہیں۔ بیشتر طلباء مطالعے کے ان بنیادی اُصولوں سے نا آشنا ہوتے ہیں جن پر عمل کر کے خاطر خواہ کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
سب سے پہلا اُصول یہ ہے کہ اگر ہم واقعی امتحان میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں امتحان سے دو مہینے قبل تیاری شروع کرنےکی “اسٹریٹجی” کو ترک کرنا ہوگا ۔ یاد رکھیے! سال بھر باقاعدگی سے مطالعہ کرنا اور ہر مضمون کو مناسب وقت دینا امتحان میں کامیابی کے لیے بے حد ضروری ہے۔یہ اسی وقت ممکن ہے جب اسکول اورکالج کے ساتھ ساتھ گھر میں بھی پڑھا جائے۔ ہوم ورک باقاعدگی کے ساتھ کیا جائے ۔ جو کام سونپا گیا ہو اسے لازماَََ مکمل کیا جائے۔ انفرادی طور پر پڑھنا سب سے ضروری ہے۔کلاس روم میں لیے گئے نوٹس پر گھر پر بھی اسی دن ضرور نگاہ ڈالی جائے ورنہ ذہن سے حذف ہو جاتے ہیں۔ غیر ضروری یا غیر نصابی مواد پر بہت زیادہ وقت ہرگز ضائع نہ کریں۔ کسی ایک ٹاپک کو مکمل کر لینے کے بعد ہی دوسرا ٹاپک شروع کریں۔ساتھ ساتھ اپنا امتحان بھی لیتے رہیے یا کسی سینئر سے سوالنامہ بنوائیے اور اسے ایمانداری اور دل جمعی کے ساتھ پابندی وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کرنے کی کوشش کریں۔اس سے آپ کو اپنی خامیوں کا اندازہ ہوگا۔ ہر ٹاپک کے اہم نکات بار بار لکھ کر ذہن نشین کرنے کی کوشش کریں۔ مثال کے طور پر آپ نے ایک صفحہ پڑھا ۔ اب کتاب بند کرکے جو کچھ آپ نے پڑھا تھا، اس کے اہم نکات لکھنے کی کوشش کریں۔ پھر کتاب کھول کر اس صفحے کا اپنے لکھے ہوئے نکات کے ساتھ موازنہ کریں۔ یہی طریقہ پھر دہرائیے تاکہ تما م نکات درست اور مکمل ہوجائیں۔
1۔ نصاب کے متن کے چند صفحات سے زیادہ نہ پڑھیے اور اس کا لب لباب یا خلاصہ اسی وقت لکھ ڈالیے۔ مطالعہ کے لیے یہ ایک ہمہ گیر اور مؤثر اصول ہے۔ اگر ضروری ہو تو ایک بار پھر اس مواد کو پڑھ لیا جائے۔ ایک ٹاپک مکمل کرنے کے بعد اہم نکات کا جدول (ٹیبل)بنائیے یا انھیں ترتیب وار لکھ لیجئے۔ان نکات کو بار بار لکھ کر ذہن نشین کرنے کی کوشش کریں۔
عابد عمر جنرل نالج بلوچستان 03070816937