آسٹریلوی بولر جیمز پیٹن سن پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر
آسٹریلیا کے فاسٹ بالر جیمز پیٹن سن پاکستان کےخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے پابندی کے باعث باہر ہو گئے۔ میچ کے دوران کھلاڑی سے بدتمیزی ثابت ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا نے ان پر ایک میچ کی پابندی لگادی۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جیمز پیٹن سن نے کوئنزلینڈ کےخلاف میچ میں کھلاڑی سے بدتمیزی کی۔ ان کا یہ رویہ کرکٹ آسٹریلیا کےضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔جاری کردہ بیان کے مطابق فاسٹ بولر نے اپنی غلطی اور پابندی کو تسلیم بھی کر لیا ہے، جیمز پیٹن سن نے تسلیم کیا ہے کہ میچ کے دوران ہی احساس ہوگیا تھا کہ میں نے غلطی کی جس پر کھلاڑی اور امپائرز سے معافی مانگ لی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جمعرات سے برسبین میں شروع ہو رہا ہے۔اس سے قبل آسٹریلیا نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر سے شکست دی تھی جب کہ ایک میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہو سکا تھا۔