روینا ٹنڈن بھی پاکستان کی تعریف کرنے لگیں
بالی ووڈ کی نامور اداکارہ روینہ ٹنڈن پاکستان کی تعریف کرنے لگیں۔گزشتہ دنوں پاکستان سول ایویشن اتھارٹی کے ایک ائیرٹریفک کنٹرولر نے بھارت سے اومان جانے والے ایک طیارے کو حادثے سے بچا لیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر جے پور سے مسقط جانے والے مسافر طیارے میں 150 مسافر سوار تھے اور کراچی ریجن کے اوپر سے گزر تے وقت خراب موسم میں پھنس گیا تھا۔جے پور سے آنے والا طیارہ38 ہزارفٹ بلندی پر آسمانی بجلی کی زد میں آکر 36 ہزارفٹ کی بلندی پرآگیا تھا۔اس موقع پر پاکستان میں ہوا بازی کے نگران سرکاری ادارے سی اے اے کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر جہاز کے کپتان کو پاکستانی فضا میں موجود شدید فضائی ٹریفک سے نکلنے میں مدد فراہم کی تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر روینہ نے ایک خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انسانیت سیاست سے جیت گئی۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ پاکستان کے ائیر ٹریفک کنٹرولر نے فلائٹ کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔‘