بنگلہ دیش: نکاح نامے سے ’کنواری‘ کا لفظ خارج کرنے کا حکم
بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ آئندہ خواتین کو شادی کے فارم پر یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ آیا وہ ’ورجِن‘ یا ’کنواری‘ ہیں یا نہیں۔عدالت کا کہنا ہے کہ شادی کی دستاویز میں ’کنواری‘ کی جگہ ’غیر شادی شدہ‘ کے الفاظ لکھے جائیں، تاہم عدالت نے ’بیوہ‘ اور ’مطلقہ‘ کے الفاظ برقرار رکھے ہیں یعنی خواتین اب غیرشادی شدہ، بیوہ یا مطلقہ میں سے کسی ایک لفظ کا انتخاب کر سکتی ہیں۔خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے کیونکہ ان کارکنوں کا کہنا تھا کہ ’کنواری‘ کا لفظ خواتین کے لیے شرمندگی کا باعث ثابت ہوتا ہے۔سپریم کورٹ نے اپنے ایک دوسرے حکم میں مردوں کے لیے بھی شادی کے وقت اپنی ازدواجی حیثیت کا اظہار لازمی قرار دیا ہے۔

