مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت مذاکرات کریں، یورپی یونین
یورپی یونین نے ایک بار پھر بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر پر ایک دوسرے سے مذاکرات کریں۔یورپین وزارتِ خارجہ میں ایک پریس کانفرنس میں اس حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یورپین خارجہ امور کی سربراہ فیدریکا موگرینی کی ترجمان مایا کونچسکی نے کہا کہ دونوں ممالک یعنی بھارت اور پاکستان کے درمیان سفارتی سطح پر تعلقات انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے طور پر ہمارا خیال ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اس پرانے تنازع کا واحد اور دیر پا حل یہی ہے کہ دونوں ملک باہمی طور پر گفتگو کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کریں۔ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس ماہ کے شروع میں مادام موگرینی نے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ سے بات کی تھی اور انہیں کہا تھا کہ وہ سرحدوں پر تناؤ بڑھانے سے گریز کریں۔

