پاکستانی اور انڈین کرکٹرز جو دونوں ٹیموں کیلئے کھیلے
لاہور: (نمائندہ خصوصی) کرکٹ کا شمار برصغیر پاک وہند کے سب سے مقبول کھیلوں میں ہوتا ہے۔ دونوں ملکوں کی عوام کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں۔ جب بھی پاکستان اور بھارتی ٹیموں کے درمیان کوئی میچ ہوتا ہے تو اس وقت شائقین کرکٹ کا جذبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ تقسیم ہند سے پہلے انڈیا کی ایک ہی ٹیم تھی جس نے 1932ء میں ہی ٹیسٹ کرکٹ کا درجہ حاصل کر لیا تھا۔ تاہم جب برطانوی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے بعد انڈین ٹیم کی جانب سے کھیلنے والے بہت سے کھلاڑی پاکستان چلے آئے۔برطانوی نشریاتی ادارے میں کرکٹ کے بارے میں چھپنے والی ایک دلچسپ رپورٹ کے مطابق تقسیم ہند سے قبل بروڈہ ٹیم کی جانب سے کھیلنے والے کھلاڑی امیر الہیٰ کا شمار بھی ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستان جانے کا فیصلہ کیا۔ امیر الہیٰ 1952ء میں بھارت کا پہلا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں پاکستان کی جانب سے پانچ میچ کھیلے۔ اس کے علاو گل محمد اور عبدالحفیظ کاردار نے بھی دونوں ملکوں کی ٹیموں کی جانب سے کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔