کرکٹ دیوانوں کیلئے اچھی خبر، سری لنکن ٹیم ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی
کولمبو: (نمائندہ خصوصی) سری لنکا کا ٹیم پاکستان بھیجنے کا بڑا اعلان، آئی لینڈرز آٹھ سال کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ کولمبو میں پی سی بی چئیرمین نجم سیٹھی اور کرکٹ سری لنکا کے صدر تھلنگا سماتھی پالا کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے، جس کے بعد تھلنگا سماتھی پالا نے پاکستان میں ٹی ٹوینٹی میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی۔ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سماتھی پالا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہے اور ایشیائی ممالک کو پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پی سی بی چئیرمین نجم سیٹھی نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے سری لنکا کا شکریہ ادا کیا۔ نجم سیٹھی نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا کے بعد دوسری ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔