لاہور میں سائیکلنگ کے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ
لاہور: (نمائندہ خصوصی) جشن آزادی کے سلسلے میں لاہور میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے درمیان سائیکلنگ کے مقابلے ہوئے۔ ان مقابلوں کا انعقاد سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے کیا گیا تھا، جس میں مختلف کالجز اور یونیورسٹیز سمیت لاہور کے ساٹھ کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ لڑکوں نے پنجاب سٹیڈیم سے کاہنہ اور کاہنہ سے واپس سٹیڈیم تک ہونے والی ریس میں حصہ لیا جبکہ لڑکیوں نے ٹیم سپرنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔سائیکلنگ کے ساتھ ساتھ جھنڈیاں لہرا کر قومی ترانے گائے گئے اور وطن عزیز سے محبت کا خوب اظہار بھی ہوا۔ کھلاڑیوں نے کھیلوں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں مہمان خصوصی سابق اولمپیئن حاجی محمد عاشق اور ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب انیس شیخ نے انعامات تقسیم کئے۔

