فیس بک نے خاموشی نے ایسا شاندار فیچر متعارف کرا دیا جس کی خواہش سب ہی کرتے تھے، یہ کون سا فیچر ہے اور اس کے ذریعے کیا ہو سکتا ہے؟ جان کر آپ خوش ہو جائیں گے
لاہور (نمائندہ خصوصی) سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز زیادہ سے زیادہ صارفین کو برقرار رکھنے کیلئے نت نئے فیچرز متعارف کراتی رہتی ہیں تاکہ صارفین سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہو سکیں۔فیس بک نے صارفین کیلئے ایک ایسا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کی سب ہی خواہش کرتے تھے اور یہ تفریح سے بھی بھرپور ہے لیکن حیران کن امر یہ ہے کہ فیس بک نے اس کا اعلان ہی نہیں کیا مگر آپ ابھی سے ہی اس فیچر کو استعمال کر سکتے ہیں۔ سب ہی جانتے ہیں کہ فیس بک پر کوئی اینی میٹڈ تصویر یعنی (جی آئی ایف) پوسٹ کرنے کیلئے کسی دوسری ویب سائٹ کا لنک استعمال کرنا پڑتا تھا یعنی لنک پوسٹ ہوتا تھا اور تصویر بذات خود نہیں، تاہم نئے فیچر کے بعد اب فیس بک پر براہ راست اینی میٹڈ تصویر بھی اپ لوڈ کی جا سکتی ہے۔اس فیچر میں فیس بک کے ڈیسک ٹاپ ورڑن پر اینی میٹڈ تصاویر کو عام فوٹوز کی طرح اپ لوڈ کرکے پوسٹ کیا جاسکتا ہے۔بس اپنی پسند کی کوئی بھی اینی میٹڈ تصویر کمپیوٹر میں محفوظ کریں اور پھر اسے عام تصویر یا ویڈیوز کی طرح فیس بک پر اپ لوڈ کر دیں تاہم ابھی ایسی تصاویر پر فلٹرز وغیرہ استعمال نہیں کئے جا سکتے۔ جیسے ہی صارف اس طرح کی کوئی تصویر اپ لوڈ کرے گا تو یہ نیوز فیڈ میں بالکل ویڈیو کی طرح حرکت کرتی نظر آئے گی۔یہ نیا فیچر دنیا بھر کے تمام صارفین کیلئے متعارف کرادیا گیا ہے اور اگر آپ تک نہیں پہنچا تو آئندہ چند دن یا ہفتوں میں آپ بھی اسے استعمال کرسکیں گے۔واضح رہے کہ مئی 2015 میں پہلی بار فیس بک میں صارفین کو جی آئی ایف تصاویر شیئر کرنے کا موقع ملا تھا۔جس کیلئے حرکت کرتی کسی بھی تصویر کا یو آرایل کاپی کر کے سٹیٹس اپ ڈیٹ بار پر پیسٹ کرکے پوسٹ کرنا تھا۔