مرد کو عورت اور جوانی کو بڑھاپے میں بدلنے والی ایپ
ماسکو(خصوصی نمائندہ) ویسے تو سوشل ویب سائٹس کے آتے ہی مختلف اقسام کی ایپلی کیشن بھی آنا شروع ہوگئی تھیں، اور اب تک لاکھوں ایپس آ بھی چکی ہیں، تاہم یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ بہت ساری ایپلی کیشنز ایسی ہیں، جو تصاویر کو خوبصورت کرنے سمیت ان میں اینی میشن، آرٹ، گرافکس اور دیگر چیزیں شامل کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔تاہم روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ کے ماہرین نے فیس ایپ نامی ایسی ایپلی کیشن تیار کی ہے، جو مرد کو عورت اور جوانی کو بڑھاپے میں بدلنے کی سہولت فراہم کرنے سمیت دیگر فیچرز استعمال کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ فیس ایپ سیلفی اور موبائل کیمرہ سے لی گئی تمام تصاویر سمیت اپنے ڈیٹا میں محفوظ تصویر کو بھی مختلف ڈزائن میں تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ فیس ایپ جہاں مرد کو عورت بننے کا موقع دیتی ہے، وہیں یہ عورتوں کو تصاویر میں مرد بنانے میں بھی مدد دیتی ہے۔ یہ ایپ صارف کو اپنے مستقبل کی تصویر بھی بنانے کا موقع دیتی ہے، جب کہ اس میں مسکرانے، گرافکس اور آرٹ شامل کرنے سمیت دیگر آپشن بھی ہیں۔ فیس ایپ کو گوگل ایپ، پلے اسٹور اور ایپل اسٹور سمیت تمام ایپلی کیشن اسٹورز سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔