پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ 10 مئی سے شروع ہو گا
روسیو (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 10 مئی سے روسیو میں شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1۔1 سے برابر ہے۔ پاکستانی ٹیم نے میزبان کالی آندھی کو پہلے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کی تھی، گرین شرٹس کے پاس دوسرا ٹیسٹ جیت کر ویسٹ انڈیز کے خلاف اس کی سرزمین پر پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کرکے تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع تھا لیکن بلے بازوں کی غیرذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت اسے 106 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یوں میزبان ٹیم نے سیریز 1۔1 سے برابر کر دی۔دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن ٹیسٹ 10 مئی سے شروع ہو گا جس میں پاکستانی ٹیم میچ جیت کر پہلی بار ویسٹ انڈین سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کیلئے جان لڑائے گی تو دوسری جانب میزبان ٹیم بھی پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں ناقابل شکست روایت کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

