پی سی بی نے بھارتی بورڈ کو نوٹس بھیجنے کا بہت دلیرانہ فیصلہ کیا ہے ، شاہد آفریدی
کراچی(نمائندہ خصوصی)سابق ٹی20کپتان کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پی سی بی نے بھارتی بورڈ کو نوٹس بھیجنے کا بہت دلیرانہ فیصلہ کیا ہے ، سندھ حکومت سے کرکٹ اکیڈمی کے لئے زمین مانگی تھی مگر سندھ حکومت نے منع کردیا، عمران خان بڑے کپتان رہے ہیں اور مصباح الحق نے بھی ٹیسٹ میں اچھا لیڈ کیا، کرکٹ نے رلایا بہت ہے مگر خوشی کے لمحات کم رہے ہیں ، اگر میں ڈرپوک ہوتا تو اپنے اوپر نہ لیتا کہ ورلڈ کپ میری وجہ سے ہارے ۔ وہ ہفتہ کو کراچی میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے ، پی سی بی کو شکریہ کے ساتھ الوداعی میچ سے معذرت کی ، میں نے کرکٹ اکیڈمی کیلئے سندھ حکومت سے زمین کی درخواست کی تھی مگر انہوں نے نہیں دی ، سندھ میں کھیلوں کی حالت پر افسوس ہے ۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ دوسروں کی مدد کرنے پر خوشی ہوتی ہے ، مصباح الحق نے مشکل وقت میں ٹیم کو سنبھالا اور عمران خان بھی بہت بڑے کپتان رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہیمپشائرکی طرف سے کرکٹ کھیلنے جاؤں گا ، پی سی بی نے بھارتی بورڈ کو نوٹس دینے کا اچھا فیصلہ کیا ہے ، ہر نیا بورڈکا چیئرمین اپنا نیا آئین لے کر آتا ہے ۔

