پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل نے لیا نیا موڑ
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )فکسنگ اسکینڈل میں ملوث پاکستانی کھلاڑی خالد لطیف نے ٹریبونل کے سامنے جواب تو جمع کرادیا ساتھ ہی اینٹی کرپشن ٹریبونل پرانگلیاں بھی اٹھادیں۔ معطل کرکٹرکے وکیل کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن یونٹ ڈیل کرنےکیلئےدباؤ ڈال رہا ہے،لیکن آفر ٹھکرادی ہے۔ پی سی بی کے قانونی مشیرنے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہاکہ خالد کےوکیل تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔ پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں خالدلطیف اوران کے وکیل بدرعالم اینٹی کرپشن ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے، وکیل نے ٹرائل کو فرضی ٹرائل قراردیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے پاس خالد کیخلاف کرپشن کے ثبوت نہیں ہیں۔ باربار بلا کر ان کے موکل کی کردار کشی کی جارہی ہے۔خالدلطیف کے الزامات پرپی سی بی کے قانونی مشیرتفضل رضوی بھی پہلی بار میڈیا کے سامنے آئےاور کہا کہ اےسی یوکےپاس کرکٹرز کیخلاف ٹھوس شواہد ہیں، خالدلطیف کارروائی میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ پی سی بی کےمشیرنے مزید کہا کہ ناصرجمشید کوبارہ مئی کوطلب کیا ہے، وہ اسکائپ یا اپنےوکیل کےذریعےبیان ریکارڈ کرواسکتےہیں۔ دوسری جانب شرجیل خان اےسی یوکی جانب سےتاخیرسے دستاویزات ملنے پراپنا جواب دس مئی کوجمع کرائیں گے۔

