جسم میں وٹامن سی کی کمی، وجوہات اور علامات کیا ہیں؟
وٹامن سی بے شمار اہمیت کا حامل ہے، اور طبی ماہرین کے مطابق انسانی جسم کی صحت و خوبصورتی کے لیے اس کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ یہ وٹامن جسم کی نشو و نما کے لیے بھی بہت اہم ہے اور انسان کی بنیادی فعالیات کے لیے بے مثال کردار ادا کرتا ہے۔
وٹامن سی ایک مضبوط اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو جسم کی تھکاوٹ اور کمزوری کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ اینٹی الرجی کا بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
موسم سرما میں خصوصی طور پر وٹامن سی جسم کی مضبوط مدافعتی نظام کی بنیاد بنتا ہے۔ اس کے علاوہ، وٹامن سی ہڈیوں اور پٹھوں کے لیے بھی بہترین معاونت فراہم کرتا ہے۔
جسم میں فولاد کو جذب کرنے کے لیے وٹامن سی بے حد ضروری ہوتا ہے۔ اس کے ذریعے جسم آئرن کے اہم اجزا کو بدن کا جزو بنانے کے عمل کو تیز کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ اگر ہم اپنی روزمرہ کی خوراک میں ضروری پھل اور سبزیاں، جیسے کہ لیموں، کیوی، امرود، موسمی، نارنجی، سرخ مرچ یا بند گوبھی وغیرہ، کا استعمال نہیں کرتے، جو وٹامن سی کی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے، تو اس صورت میں ہمارے جسم میں وٹامن سی کی کمی واقع ہو جاتی ہے۔
وٹامن سی کی کمی کے اشارے جسم میں مختلف طریقوں سے ظاہر ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ کافی عرصے سے بغیر کچھ خاص جسمانی مشقت کیے تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں تو یہ وٹامن سی کی کمی کی علامت ہو سکتی ہے۔ وٹامن سی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جس کے تحت خون کے سفید خلیوں کی پیدوار میں اضافہ کرتا ہے۔
2: نظام تنفس کے انفیکشن سے بچاؤ: موسم سرما میں جب آپ فلو کا شکار ہو جاتے ہیں تو وٹامن سی جسم کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
3: بار بار چوٹ کا احساس ہونا: جب بلا کسی وجہ کے جسم پر چوٹ کے نشانات بار بار ابھریں تو سمجھ جائیں کہ آپ کے جسم میں اس اہم وٹامن کی کافی کمی واقع ہو گئی ہے۔
4: صحت یابی میں دشواری: وٹامن سی اپنی اینٹی آکسیڈینٹ صلاحیت کی وجہ سے خلیوں کی تجدید کے عمل کو تیز کرتا ہے جو ٹشوز کو پہنچنے والے نقصان یا کسی بھی سرجری کے بعد زخم کے ٹھیک ہونے کے عمل کے لیے ضروری ہے۔ اگر آپ کے زخم ٹھیک ہونے میں تاخیر ہو رہی ہے تو ممکن ہے کہ وٹامن سی کا لیول جسم میں کم ہو گیا ہو۔
5: جلد کا خشک ہونا: اگر آپ محسوس کریں کہ آپ کی جلد خشک ہو رہی ہے اور اس پر لکیریں ابھر رہی ہوں، تو یہ بھی وٹامن سی کی کمی کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔
6: مسوڑھوں سے خون کا بہنا: اگر آپ کے جسم میں وٹامن سی کی کمی ہو گئی ہے تو اس صورت میں آپ کے مسوڑھے بھی کمزور ہوجاتے ہیں۔ دراصل ایسکوربک ایسڈ کی کمی کی وجہ سے مسوڑھوں میں ہلکی سے جلن بھی محسوس ہوتی ہے۔ اس صورت میں اپنے ڈاکٹر سے ان علامات کا ذکر ضرور کریں۔
7: وزن میں اضافہ خاص کر پیٹ کا بڑھنا: وٹامن سی خون میں شوگر کے لیول کو برقرار رکھتا ہے جبکہ یہ چکنائی کو ختم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وٹامن سی کی کمی کا شکار ہونے والوں میں چکنائی جمع ہونا شروع ہو جاتی ہے، خاص طور پر پیٹ کے اطراف میں۔
8: چڑچڑا پن: وٹامن سی کی کمی سے تھکان اور بیزاری کے ساتھ ساتھ انسانی رویے میں چڑچڑے پن کا بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔
9: جلد پر جھریاں: وٹامن سی اہم اور سادہ سا وٹامن ہے جو انسان کو جلد بڑھاپے سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ اس کی کمی سے جلد بھی متاثر ہونے لگتی ہے اور جھریاں پڑنا شروع ہو جاتی ہیں۔