نوے کی دہائی کے کئی مشہور بالی ووڈ اداکار ایسے ہیں جن کے آخری ایام انتہائی خراب حالات میں گزرے۔ پیسوں کی کمی اور تنہائی کی وجہ سے انہوں نے اتنے برے آخری ایام گزارے جو انہوں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی نہیں دیکھے تھے۔
وہ چند بھارتی اداکار جنہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں کافی تکالیف برداشت کیں:
پروین بوبی
اپنے وقت کی مشہور اداکارہ پروین بوبی کی موت کافی دردناک تھی۔ ڈائریکٹر مہیش بھٹ کے مطابق پروین بوبی کو ’پیرانائیڈ اسکتزوفرینیو‘ نامی بیماری ہوگئی تھی اور اس بیماری سے وہ کبھی شفایاب نہیں ہوسکیں۔20 جنوری 2005 کو پروین بوبی نےاپنے گھر میں دم توڑا، اُس وقت وہ اپنے گھر میں بالکل اکیلی تھیں اسی لیے اُن کی لاش تین دن تک گھر میں سڑتی رہی تھی۔
ویمی
نامور اداکار سنیل دت کی فلم ہمراز سے اپنے اداکاری کیریئر کی شروعات کرنے والی ویمی، فلم کی کامیابی کے بعد اسٹار بن گئی تھیں۔ مگر بڑھتے قرض، بگڑتی فیملی لائف اور قرض کے بوجھ کی وجہ سے اُن کا کیریئر خراب ہوتا چلا گیا۔جگر کے مرض میں مبتلا 22 اگست 1977 کو ویمی کی موت ہوگئی، اُن کی لاش کو ٹھیلے پر رکھ کر شمشان گھاٹ لے جانا پڑا تھا۔
اے کے ہنگل
لیجنڈ اداکار اے کے ہنگل کی زندگی کے آخری ایام بھی تنگ دستی میں گزرے۔ اپنی زندگی کے آخری ایام انہوں نے ایک خستہ حال گھر میں گزارے تھے۔ 26 اگست 2012 کو ان کی موت ہوگئی تھی۔
گیتا کپور
اداکارہ گیتا کپور نے پاکیزہ فلم میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے تھے لیکن آخری وقت میں اداکارہ کے بچوں نے اُن کی خبر نہیں لی اور شدید تکلیف میں مبتلا اداکارہ کی زندگی کا اختتام ہوا۔ اُن کی موت 26 مئی 2018 کو ہوئی تھی۔
سیتارام پنچال
سیتارام پنچال نے کئی بڑی فلموں میں چھوٹے مگر یادگار کردار ادا کیے تھے، اُن کی موت اگست 2017 میں ہوئی تھی۔ سیتارام کو کڈنی اور زبان کا کینسر تھا مگر اس کا علاج کرانے کے لیے اُن کے پاس پیسے نہیں تھے، جس کی وجہ سے اُن کی موت ہوگئی۔
اچلا سچدیوا
اچلا سچدیوا نے بلاک بسٹر فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں کاجول کی دادی کا کردار ادا کیا تھا۔ 2012 میں پونے کے ایک اسپتال میں اُن کا انتقال ہوا تھا۔ اداکارہ کے بیٹے امریکا میں مقیم تھے انہوں نے آخری ایام میں اپنی والدہ کی خبر تک نہیں لی تھی۔
مینا کماری
بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ مینا کماری کی زندگی کا اختتام بھی کافی تکلیف میں ہوا تھا۔ زندگی کے آخری ایام میں وہ معاشی تنگی کا شکار ہوگئی تھیں۔ 1972 میں صرف 38 سال کی عمر میں مینا کماری کی موت ہوگئی تھی۔
شری ولبھ ویاس
عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’لگان‘ کے ایشور کاکا تو آپ کو یاد ہوں گے؟ شری ولبھ ویاس کی موت 2017 میں ہوئی تھی۔ 2008 میں وہ ایک حادثے کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد اُن کے سر کا آپریشن ہوا تھا، اس آپریشن کے بعد انہیں کافی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا تھا۔شری ولبھ ویاس کی اہلیہ نے بتایا تھا کہ سنیما اور ٹیلی ویزن ایسوسی ایشن نے اُن کی کوئی مدد نہیں کی تھی۔
اندر کمار
28 جولائی 2017 کو اندر کمار کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی۔ اداکار کی موت کے بعد اُن کی اہلیہ نے بتایا کہ وہ معاشی تنگی سے گزر رہے تھے۔ انہوں نے انڈسٹری کے کئی لوگوں سے مدد کی فریاد بھی کی تھی۔