مردہ خانے میں لائی گئی ’لاش‘ زندہ ہوگئی
افریقی ملک کینیا میں مردہ قرار دیا گیا ایک شخص 3 گھنٹے بعد اس وقت زندہ ہوگیا جب اسے مردہ خانے لے جایا جارہا تھا۔کینیا کا 32 سالہ شہری پیٹر ایک روز قبل اپنے گھر میں اچانک بے ہوش ہو کر گر گیا تھا جس کے بعد اس کے اہلخانہ اسے فوراً اسپتال لے کر پہنچے۔مذکورہ شخص کے بھائی کے مطابق اسپتال پہنچنے پر اسے نہایت معمولی انداز سے چیک کیا گیا اور ایک نرس نے کہا کہ وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا۔بعد ازاں جب اسے مردہ خانے میں رکھنے کی تیاری کی جارہی تھی تو وہ اچانک ہوش میں آگیا اور درد سے چلانے لگا۔مردہ خانے کا اسٹاف یہ سمجھ کر کہ ایک مردہ زندہ ہوگیا ہے، خوف سے بھاگ کھڑا ہوا، تاہم جلد ہی انہیں احساس ہوا کہ مذکورہ شخص زندہ ہے جس کے بعد اسے فوری طور پر طبی امداد دی گئی ۔32 سالہ پیٹر کا کہنا ہے کہ وہ نئی زندگی ملنے پر بے حد خوش ہے، دوسری جانب اہلخانہ نے اسپتال انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔