ٹیکسلا کے علاقے گلاب ٹاون میں ایک شخص نے چھری کے وار سےبہن اور بہنوئی کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے بھانجے اور بھانجی کو بھی شدید زخمی کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں مبینہ بھتہ خور نے موبائل فون شاپ پر فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مبینہ بھتہ خور موٹر سائیکل سے اترکر موبائل فون شاپ میں داخل ہوا۔دکان کا مالک کاؤنٹر کے عقب میں کھانا کھا رہا تھا کہ ملزم نے اچانک فائرنگ کر دی اور پھر گلی میں نکل کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔پولیس نے بھتہ خور کی فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق ملزم عمیر بٹ اور اس کا بھائی زبیری دکانداروں سے بھتہ لیتے ہیں، جبکہ انکار کرنے پر فائرنگ کر کے ڈراتے، دھمکاتے ہیں۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر پڑوسی ملک افغانستان پہنچ گئے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔افغان میڈیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے افغان صدر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور بارڈر مینجمنٹ سے متعلق معاملات پر تبادلۂ خیال کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کی افغان صدر اشرف غنسی سے ملاقات کے دوران افغان مفاہمتی عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔دورے میں آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندۂ خصوصی محمد صادق بھی ہمراہ ہیں۔
عالمی وبا کورونا کا شکار پاکستان کی معروف اداکارہ روبینہ اشرف کی بیٹی مِنا طارق نے والدہ کی صحت کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا ہے کہ والدہ صحت یاب ہو رہی ہیں، افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر روبینہ اشرف کی صاحبزادی نے اپنی اسٹوری میں سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ براہ کرم میری والدہ کی صحت کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلانے سے گریز کریں، وہ خیریت سے ہیں۔مِنا طارق نے لوگوں سے والدہ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔واضح رہے کہ رواں ہفتے معروف اداکارہ روبینہ اشرف نے تصدیق کی تھی کہ کہ وہ وبائی مرض کورونا کا شکار ہوگئی ہیں۔سوشل میڈیا پر ایسی متعدد افواہیں گردش کررہی تھیں کہ اداکارہ کی حالت زیادہ خراب ہونے پر انہیں آئی سی یو میں منتقل کرنا پڑا ہے۔افواہوں میں کہا گیا تھا کہ بیماری کی وجہ سے حالت بگڑنے پر انہیں گھر سے اسپتال منتقل کیا گیا اور اب آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں اور ان کا خاندان عوام سے دعاؤں کی درخواست کررہا ہے۔روبینہ اشرف کی بیٹی کی جانب سے وضاحتی پوسٹ سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے والدہ کی صحت کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کیا۔اس سے قبل مختلف شوبز شخصیات نے بھی روبینہ اشرف کی صحتیابی کے لیے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔ہمایوں سعید، ماہرہ خان، منشا پاشا اور ثنا جاوید نے اس حوالے سے ٹوئٹس بھی کیں۔
آج کل سوشل میڈیا خصوصاً سماجی رابطے کے لیے سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ایپلیکیشن واٹس ایپ پر یہ خبر بڑی تیزی سے گردش کر رہی ہے کہ جڑی بوٹی سنا مکی میں کورونا کا علاج موجود ہے۔طبی ماہرین کے مطابق سنا مکی ایک عام جڑی بوٹی ہے جسے پیٹ اور آنتوں کی بیماریوں کے لیے تو استعمال کیا جا سکتا ہے مگر یہ بات ابھی ثابت نہیں ہوئی ہے کہ اس کا استعمال جان لیوا پھیپھڑوں کےانفیکشن، عالمی وبا کورونا وائرس میں مفید ہے۔امریکی یونیورسٹی آف میری لینڈ اپر چیساپیک ہیلتھ میں بطور چیف آف انفیکشس ڈزیز فرائض انجام دینے والے ڈاکٹر فہیم یونس کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ یا اس کے علاج میں سنا مکی کے مفید ہونے کے کوئی واضح ثبوت نہیں ملتے مگر اس کے کثرت سے استعمال کے کئی نقصانات ضرور سامنے آئے ہیں ۔ڈاکٹر فہیم یونس کا کہنا ہے کہ ’چین اور ایشیا میں روایتی جڑی بوٹیوں میں 61 فیصد آرسینک، سیسا (لیڈ) ، کیڈمیئم ، پایا جاتا ہے جبکہ ان جڑی بوٹیوں کا استعمال گردے اور جگر کو نقصان پہنچا سکتا ہے ۔‘ڈاکٹر فہیم یونس کے مطابق کورونا وبا سے بچنے کے لیے وٹامنز کا استعمال مفید ہے وہ بھی اگر آپ میں وٹامنز کی کمی ہو تو، وٹامنز کی زیادتی کی صورت میں بھی طبعیت خراب ہو سکتی ہے ، وٹامن سی کی زیادتی اعصاب یا جگر کو نقصان پہنچا سکتی ہے جبکہ وٹامن اے ، ڈی ای کے زیادہ استعمال سے پیٹ کی صحت خراب، متلی ، اور دل کی دھڑکن تیز ہو سکتی ہے ۔‘اسی طرح زنک کے ضرورت سے زیادہ استعمال کی صورت میں متلی ، اُلٹیاں ، پیٹ درد اور قوت مدافعت کمزور ہو سکتی ہے جبکہ ہڈیوں کے بھی کمزور ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔ڈاکٹر فہیم یونس نے سنا مکی سے متعلق کہا ہے کہ سنا مکی کا زیادہ استعمال بھی نہایت خطرناک ثابت ہوتا ہے، اس کے استعمال سے پیٹ درد ، ڈائریا ، متلی، الیکٹرولائٹ کا غیر متوازن ہو جانا شامل ہے ۔دوسری جانب اومیگا تھری کا استعمال ، آم ، ہرے پتے والی سبزیوں وغیرہ سے متعلق بھی کوئی شواہد موجود نہیں ہیں کہ ان کے استعمال سے قوت مدافعت مضبوط یا کووڈ 19 سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے ۔ڈاکٹر فہیم کی جانب سے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں سوشل میڈیا پر سنا مکی کو کورونا وائرس کا علاج بتائے جانے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے اس بات پرزور دیا گیا کہ اگر کوئی غذائیت کی کمی کا شکار ہے تو اس وبا کے دوران وہ کورونا سے بچاؤ کے لیے غذائیت سے بھر پور غذا کا استعمال کرے۔انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی چیز کا ضرورت سے زیادہ استعمال پیسوں اور وقت کا ضیاع ہے ، اس کے نتیجے میں آ پ کو صحت سے متعلق مشکلات لا حق ہو سکتی ہیں، واٹس ایپ گروپ کی ویڈیوز اور جعلی خبروں پر کان دھرنے کے بجائے احتیاطی تدابیر اکتیار کرتے ہوئے مجمع میں جانے سے گریز کریں، 6 فُٹ کا فاصلہ رکھیں ، بار بار ہاتھ دھوئیں اور ماسک کا لازمی استعمال کریں ۔دوسری جانب اس وبا کے دوران کراچی کے آئسولیشن وارڈ میں فرائض انجام دینے والی ایک ینگ ڈاکٹر کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ سنا مکی کا استعمال کورونا وائرس کے لیے مفید نہیں ہے ۔مقامی ڈاکٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سنا مکی پیٹ کی بیماریوں میں استعمال کی جا سکتی ہے مگر اس کا استعما ل پھیپھڑوں کے انفیکشن میں معاون نہیں ہے ، سنا مکی گیسٹرو انٹیسٹائنل ہربل دوا ہے ، اس کے استعمال سے متلی اور ڈائریا ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر کی سطح گر سکتی ہے جو کہ صحت کے لیے مہلک ہےطبی ماہر کے مطابق بہت سے لوگ سنا مکی کو کورونا کا علاج قرار دے رہے ہیں ، کورونا مریضوں کا صحت یاب ہونا اُن کے قوت مدافعت کے مضبوط ہونے پر انحصار کرتا ہے ، سنا مکی پھیپھڑوں میں موجود وائرس کے علاج کا سبب نہیں بن سکتی۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے حکومت پنجاب کو بذریعہ خط صوبے بھر میں کم از کم دو ہفتے کے مکمل لاک ڈاؤن کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ڈبلیو ایچ او نے کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اموات پر خطرے کی گھنٹی بجادی اور کہا کہ کورونا کی روک تھام کے لیے ایس او پی پرعمل درآمد بہت ضروری ہے۔ڈبلیو ایچ او کی جانب سے تحریر کیے گئے خط میں تجویز کیا گیا ہے کہ پنجاب میں کم از کم دو ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن وقت کی ضرورت ہے۔خط کے متن کے مطابق کورونا کے مثبت کیسزکی تعداد ایک لاکھ سےبڑھنا خطرے کی بات ہے، خط میں کہا گیا کہ لاک ڈاؤن کے وقت روزانہ ایک ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے تھے، نرمی سے یومیہ تعداد 2 ہزار اور لاک ڈاؤن ختم کرنے سےکیسز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔ڈبلیو ایچ او کے خط میں کہا گیا کہ کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پرسختی سے عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے،پنجاب میں کورونا کے روزانہ 50 ہزار ٹیسٹ ہونے چاہیے۔واضح رہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی لاپروائی اور غیر محتاط رویے کے باعث پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔پاکستان کورونا مریضوں کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں چین اور سعودی عرب سے بھی آگے نکل کر 15 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 317 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 2 ہزار 172 تک جا پہنچی ہے۔کورونا وائرس کے ملک میں 71 ہزار 127 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 35 ہزار 18 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
چین اور بھارت کے درمیان لداخ کے معاملے پر کشیدگی کم کرنے کیلئے مختلف سطح پر بات چیت کے 12ادوار ناکام ،لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی انتہا پر پہنچ گئی۔چین نے کہا بھارت امریکا کے ہاتھوں بیوقوف نہ بنے، دونوں ممالک کے لڑاکا طیارے حرکت میں آگئے،چین نے اپنے کئی جدید ترین جنگی طیارے بارڈر کے اندر اڑائے، اس کے بعد بھارتی فضائیہ بھی حرکت میں آگئی ، چین جدید جنگی سازو سامان اور بھاری فوج لداخ بارڈ رپر لے آیا ہے۔بھارتی اخبار کے مطابق انڈین فوج نے مشرقی لداخ میں 60 کے قریب بوفورس توپیں ایل اے سی پر منتقل کردی ہیں، گزشتہ روزدونوں ملکوں میں لیفٹیننٹ جنرل کی سطح پرمذاکرات ہوئے۔ذمہ دار سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ذرائع اور میڈیا کی رپوٹس کے مطابق چین نے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ اگر جنگ نہیں چاہتا تو ہمارے علاقے سے واپس چلا جائےہم کسی صورت اپنی سر زمین پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے ،ہم اپنے علاقے لداخ سے دستبردا ر ہونے کیلئے تیا ر نہیں۔بھارتی اور دیگر میڈیا کی رپوٹس کے مطابق چین کے جنگی طیارے لداخ میں گشت کر رہے ہیں، چین کی بڑے پیمانے پر جنگی تیاریوں نے مودی حکومت کے اوسان خطا کر دیئے ہیں۔چین نے کئی ہزار فوجی بارڈر پر پہنچا دیئے اور ایک سو کے لگ بھگ کیمپس بنا دیئے ، زمین دوز کنکریٹ مورچے بھی بنائے جارہے ہیں، میڈیا کی رپورٹ کےمطابق ،چین کے طیارے بھارتی سرحد کے اندر بھی گھسے ہیں۔سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے اپنے حلیف امریکا سے بھی رابطہ کیا مگر امریکا میں انتہائی سنگین حالات کی وجہ سے صدر ٹرمپ نے بھارت کو کوئی مثبت جواب نہیں دیا ، بھارت کو اس وقت کسی ملک سے چین کیخلاف حمایت کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔ذرائع کے مطابق چین کے فوجی حکام نے بھارت کو واشگاف الفاظ میں خبر دار کر دیا ہے کہ وہ ان کے مقبوضہ علاقے کو فوری خالی کر دے بصورت دیگر طاقت استعمال کر کے علاقے کو خالی کرایا جائے گا۔
پنجاب اسمبلی نے حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم ،اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کی شان اقدس کے خلاف لکھی جانے والی تین کتابوں “دی فرسٹ مسلم” “آفٹر دا پرافٹ” اور “شارٹ ہسٹری آف اسلام”پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ باعث ندامت ہے کہ اس سرزمین پر ایسی کتب بھی موجود ہیں جن میں لکھا گیا مواد برداشت کرنا کسی مسلمان کیلئے ممکن نہیں۔قرار داد کے متن کے مطابق یہ ایوان حکم دیتا ہے کہ متعلقہ محکمہ تینوں کتب پر فوری پابندی عائد کرے اورمارکیٹ میں موجود تمام کاپیوں کو ضبط کرکے اسی اجلاس میں اگلے جمعے تک نوٹیفکیشن پیش کرے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے بعد ایوان نے بازاروں میں موجود تینوں کتابوں کو ضبط کرنے اور نوٹیفکیشن ایوان میں پیش کرنے کا حکم دیا
گوجرانوالہ: دوستی سے انکار پر اوباش کی طالبہ پر فائرنگ، لڑکی جاں بحق، ملزم فرار.گوجرانوالہ (مرزا واحد بلال) ناجائز تعلقات قائم کرنے سے انکار پر اور گھر میں شکایت کرنے پر اوباش نے فائرنگ کرکے طالبہ کو ماردیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں تھانہ کھیالی کی حدود میں واقع ابوبکر پارک نزد اقبال میرج ہال میں انس نامی وحشی درندے نے ناجائز تعلقات قائم کرنے سے انکار پر میٹرک کی طالبہ عروج کو گولی مار دی اور موقع سے فرار ہوگیا۔ مقتولہ کے بھائی سلیمان کے مطابق ملزم مقتولہ کو دوستی کرنے پر مجبور کرتا تھا اور انکار پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا تھا جس کی شکایت مقتولہ نے اپنے گھر والوں سے کی تھی، مقتولہ کے گھر والوں نے کئی بار ملزم انس کو سمجھایا مگر ملزم اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا اور مختلف طریقوں سے مقتولہ کو مزید تنگ کرنا شروع کر دیا۔ ملزم انس کو بار بار سمجھانے کے باوجود بھی جب وہ باز نہ آیا تو مقتولہ کے گھر والوں نے ملزم کے گھر والوں سے شکایت کی، ملزم کے گھر والوں نے معاملہ سلجھانے کی بجائے الٹا مقتولہ کی فیملی کو دھمکانا شروع کر دیا اور گلی میں آکر شور شرابہ اور گالیاں دینا شروع کر دیں۔ مقتولہ کے گھر والے شور سن کر باہر آنے تو ملزم نے پسٹل سے عروج بی بی پر گولی چلا دی جو کہ مقتولہ کے پیٹ میں لگی، فائرنگ کے بعد ملزم ساتھیوں سمیت اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گیا۔ عروج بی بی کو مضروب حالت میں ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا جہاں دو دن تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہ کر بالآخر زندگی کی بازی ہار گئی۔واضح رہے کہ دونوں فریقین کے گھر آمنے سامنے ہیں اور دونوں کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔پولیس نے مقتولہ کے بھائی سلیمان کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرکے ملزم انس کے قریبی رشتہ دار کو گرفتار کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تفتیش شروع کردی ہے، مزید پیش رفت کے لئے پوسٹمارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔مقتولہ کے لواحقین نے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق وزیرِ داخلہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رحمٰن ملک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون سنتھیا رچی کے الزامات منگھڑت، بے ہودہ اور نازیبا ہیں، رحمان ملک ان کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی خاتون کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد رحمٰن ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون نے رحمٰن ملک کے خلاف نازیبا الزامات کسی مخصوص فرد یا گروہ کے اکسانے پر لگائے ہیں۔رحمٰن ملک کے ترجمان نے کہا ہے کہ رحمٰن ملک نے ہمیشہ بھارت کے کشمیریوں و بھارتی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ترجمان نے کہا ہے کہ روزانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی طرف سے رحمٰن ملک کو براہِ راست دھمکی آمیز ٹویٹس و پیغامات ملتے ہیں۔رحمٰن ملک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رحمٰن ملک نے اپنی تحریروں میں ’را‘ اور ’آر ایس ایس‘ کے کشمیریوں و مسلمانوں پر مظالم سے پردہ اٹھایا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک نے ہمیشہ خواتین کے حقوق اور وقار کے لیے آواز بلند کی ہے اور لڑتے رہے ہیں۔رحمٰن ملک کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ رحمٰن ملک پر الزامات اس وقت سامنے آئے جب بحیثیت چیئرمین داخلہ کمیٹی بینظیر بھٹو شہید پر الزامات کا نوٹس لیا گیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما رحمٰن ملک کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی سنتھیا ڈی رچی کے لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی ہے۔ایک ویڈیو بیان میں سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک پر زیادتی کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔امریکی خاتون سنتھیا رچی نے الزام لگایا کہ رحمٰن ملک نے انہیں 2011ء میں زیادتی کا نشانہ بنایا جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور رحمٰن ملک وزیرِ داخلہ کے عہدے پر فائز تھے۔امریکی شہری نے سابق وزيرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرِ صحت مخدوم شہاب الدین پر بھی دست درازی کا الزام عائد کیا ہے۔سنتھیا رچی نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے ان سے تب دست درازی کی جب وہ ایوانِ صدر میں مقیم تھے۔سابق وزیرِ اعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ امریکی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے پارٹی فیصلہ کرے گی۔