واٹس ایپ نے فیس بک اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا کہہ دیا

کیلیفورنیا: ڈیٹا چوری اسکینڈل سامنے آنے کے بعد واٹس ایپ کے شریک بانی صارفین سے فیس بک اکاؤنٹس ختم کرنے کا کہہ دیا ہے۔

فیس بک کے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے کے انکشاف کے بعد اس سوشل میڈیا سائٹ کے خلاف امریکا میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ منفی خبروں کی وجہ سے جہاں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو صرف ایک دن میں 6 ارب ڈالرز کا بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا وہیں کمپنی کی ساکھ کو بھی دھچکا لگا ہے۔

واٹس ایپ کے شریک بانی برائن ایکٹن نے ٹوئٹر پر اپنے مختصر پیغام میں لکھا کہ ’یہ وقت ہے فیس بک  ڈیلیٹ کرنے کا ہے۔‘ برائن ایکٹن کی جانب سے یہ بیان فیس بک کے خلاف امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تحقیقات کے آغاز کے فوری بعد سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ 4 سال قبل فیس بک نے پیغام رسانی کی سب سے مقبول موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالرز میں نقد اور حصص کی صورت میں خرید لیا تھا۔

واٹس ایپ کے شریک بانی کی جانب سے فیس بک اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کے پیغام کے بعد ٹوئٹر پر #DeleteFacebook ہیش ٹیگ وائرل ہوگیا۔ صارفین اس ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے فیس بک تنازع پر اپنے ردعمل کا اظہارکررہے ہیں۔