ستائیس اکتوبر ۔۔۔ہمارا یوم سیاہ بھی اور یوم احساس بھی نذر حافی
آج خواجہ غلام نبی گلوکار انور کا نام ہمارے لئے نامانوس ہے۔ بعض تاریخی نام اس لئے بھی نامانوس ہوجاتے ہیں جب تاریخ نویسی اور تاریخ گوئی میں حقائق کے بجائے عقائد محور بن جاتے ہیں۔ ۱۹۴۷ کے ماہِ اگست میں جب پاکستان اور ہندوستان کو برطانوی استعمار سے آزادی مل گئی تو اکتوبر ۱۹۴۷ کی چار تاریخ کو کشمیر کی آزادی اور انقلابی حکومت کا اعلان بھی کیا گیا۔اس انقلابی حکومت کی سربراہی غلام نبی گلوکار کے پاس تھی، سیاسی سرگرمیوں کے پیشِ نظر غلام نبی گلوکار کا فرضی نام انور رکھا گیا تھا اور موصوف نے اسی نام سے مہاراجہ ہری سنگھ ڈوگرہ کو معزول کرنے کا اعلان بھی کیا۔ یہ اعلان چار اکتوبر کو کیا گیا۔اس کے مطابق مہاراجہ ہری سنگھ کو کشمیر کا حکمران کہلانے پر سزا دینے کا حکم دیا گیا۔اس کے صرف دو دن کے بعد چھ اکتوبر کو غلام نبی گلوکار نے مہاراجہ کا تعاقب کرنے کیلئے مقبوضہ کشمیر کا رُخ کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں وہ جلد ہی گرفتار ہوگئے اور تقریباً ایک سال کی گرفتاری کے بعد اُنہیں واپس پاکستان کے حوالے کر دیا گیا۔ یہ گرفتاری اُن کی ایک طرح کی سیاسی کلاس ثابت ہوئی۔ اس کے بعد وہ الحاقِ پاکستان اور تکمیلِ پاکستان کے بجائے خودمختار کشمیر کے مبلغ، داعی اور لیڈر بن گئے۔ بالاخر حکومتِ پاکستان نے انہیں ۱۹۵۹ میں کچھ عرصے کیلئےگرفتار کیا۔ یہ گرفتاری کچھ زیادہ سود مند ثابت نہ ہوئی اور اس کے بعد غلام نبی گلوکار نے خود مختار کشمیر کے نام پر دن رات فعالیت اور جدوجہد کی۔
خواجہ صاحب کی سوچ غلط تھی یا درست، وہ ایک منطقی اور آزاد فکر رکھتے تھے یا ہندوستانی ایجنسیوں کی زبان بول رہے تھے، ان کی فعالیت کے پیچھے اسلام دشمن مرزائی عقائد مخفی تھے یا بحیثیت کشمیری قوم پرست وہ کشمیر کے بارے میں کچھ منفرد سوچنے لگے تھے۔ اس کے بارے میں اگر کچھ سمجھنا ہو تو کشمیر میں محاذ رائے شماری کی تاریخ اور نظریات کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔
ہم اپنے قارئین کو یہ بتا کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں کہ چار اکتوبر ۱۹۴۷ کو خواجہ غلام نبی گلوکار کی جس انقلابی حکومت کے اعلان نے ہندوپاک کے لوگوں کو آزاد کشمیر کا تصور دیا تھا وہ خود اگلے دو دنوں میں ہی زیرِ زمین چلی گئی تھی۔ جس کے اٹھارہ دن کے بعد ۲۴ اکتوبر ۱۹۴۷ کو کشمیر میں پونچھ کے علاقے تراڑ کھل سے ایک مرتبہ پھر ایک نئی حکومت کا اعلان کیا گیا۔یہ نئی حکومت ان علاقوں پرمشتمل تھی جو مہاراجہ کے اختیار سے نکل چکے تھے۔ چنانچہ اس نئی حکومت کا نام آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر رکھا گیا اور اس کے سربراہ سردار محمد ابراہیم خان مقرر ہوئے۔ سردار محمد ابراہیم خان کی عبوری حکومت کا نصب العین ملاحظہ فرمائیے:
’’ عارضی حکومت جو ریاست کا نظام اپنے ہاتھ میں لے رہی ہے ایک فرقہ وارانہ حکومت نہیں ہے۔اس حکومت کی عارضی کابینہ میں مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلم بھی شریک ہوں گے۔ حکومت کا مقصد سردست ریاست میں نظم و نسق کی بحالی ہے کہ عوام اپنی رائے سے ایک جمہوری آئین ساز اور ایک نمائندہ حکومت چن لیں۔ عارضی حکومت ریاست کی جغرافیائی سالمیت اور سیاسی انفرادیت برقرار رکھنے کی متمنی ہے۔ پاکستان یا ہندوستان کے ساتھ ریاست کے الحاق کا سوال یہاں کے عوام کی آزادانہ رائے شماری سے کیا جائے گا‘‘۔
یہاں پر ریاستِ کشمیر پر مہاراجہ خاندان کی حکومت کو سمجھنے کیلئے معاہدہ امرتسر کا مطالعہ کرنا بھی اشد ضروری ہے۔ تاہم اس وقت ہم یہ بتانا چاہیں گے کہ اس نئی حکومت کے اعلان کے تین دن کے بعد ۲۷ اکتوبر ۱۹۴۷ کی شب بھارت نے آزاد کشمیر پر حملہ کردیا، بھارتی حملے نے پاکستان کیلئے بھی کھلی فوجی مداخلت کا جواز پیدا کیا اور یوں یہ منطقہ میدانِ جنگ بن گیا۔جس طرح بھارت کی چڑھائی نے پاکستان کو فوجیں داخل کرنے پر مجبور کیا اسی طرح پاکستان کی طرف سے قبائیلیوں کی کشمیر میں فتوحات نے بھارت کو لرزا کر رکھ دیا تھا۔ یوں یہ شکست و ریخت ۲۷ اکتوبر ۱۹۴۷ کو ایک بڑی جغرافیائی تبدیلی کی باعث بنی۔کشمیر میں قبائلیوں کا داخلہ کشمیریوں کے ساتھ نظریاتی اور دینی یکجہتی کی بنیاد پر تھا تاہم ہندوستان کا داخلہ کسی نظریاتی وحدت کے بجائے استعماری اہداف کے حصول کیلئے تھا۔
اس کے بعد کشمیر کے ایک بڑے حصے پر ہندوستان کی فوجیں قابض ہو گئیں اور یہ دن نظریاتی کشمیریوں اور پاکستانیوں کیلئے یومِ سیاہ میں تبدیل ہو گیا۔قابلِ ذکر ہے کہ ۲۸ اکتوبر ۱۹۴۷ کو آزاد کشمیر میں وہیں تراڑکھل کے مقام پر پہلے عسکری تربیتی کیمپ کی بنیاد بھی رکھی گئی۔اس نئی حکومت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے ایک بیس کیمپ کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا اور یہ امید کی جا رہی تھی کہ جلد ہی باقی کشمیر بھی آزاد کروا لیا جائے گا۔
اب یہاں پر یہ ذکر بھی ضروری ہے کہ اس وقت اگرچہ اس مسئلے پر کارگل وار کو شامل کر کے ہندوپاک کے بیچ چار خونی جنگیں ہو چکی ہیں تا ہم اب چین بھی اس تنازعے کا ایک اہم اور مضبوط فریق ہے۔۱۹۶۲ کی چین و ہند جنگ میں چین نے اکسائی چن کے جس رقبے پر قبضہ جمایا ہے اب وہ بھی اس سے دستبردار ہونے والا نہیں ہے۔
تینوں فریقوں کی موجودگی میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو سمجھنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ ممکن ہے کہ بعض لوگ یہ سمجھتے ہوں کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا تعلق تقسیمِ برِّ صغیر سے ہے جبکہ حقیقتِ حال یہ ہے کہ برطانوی راج میں بھی کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی اور اس کے بعد سلامتی کونسل نے بھی اسی خصوصی حیثیت کو آج تک برقرار رکھا ہواہے۔ البتہ جہاں تک تقسیمِ برصغیر کے بعد بھارت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو قبول اور لغو کرنے کا معاملہ ہے تو اس کا پسِ منظر جاننا بہت ہی ضروری ہے۔
شیخ عبداللہ اور جواہرلال نہرو نے ۲۰ جون ۱۹۴۹ کو مہاراجہ ہری سنگھ سے ان کے بیٹے یوراج کرن سنگھ کو اقتدرا منتقل کروایا۔ اس کے بعد یوراج کرن سنگھ سے ۱۹۳۵ کے انڈیا ایکٹ کو ختم کرایا جس سے ہندوستانیوں کیلئے کشمیر پر ہندوستان کے آئینی قبضے کی امید پیدا ہوئی۔ یوں قانونِ ہند میں ایک عبوری دفعہ آرٹیکل ۳۷۰ کے تحت کشمیر کو خصوصی حیثیت دے کر ہند کے قانون کے اندر لانے کی سعی کی گئی۔ہندوستان کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کا نعرہ در اصل پاکستان کے موقف کے مقابلے میں کشمیر کو خود مختار بنانے کی فکر کو مستقل کرنے کیلئے تھا، چنانچہ اس وقت شیخ عبداللہ کی جماعت آل جموں اینڈ کشمیر نیشنل فرنٹ اور ہندوستان دونوں نے ایک دوسرے کی بھرپور مدد کی لیکن اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے اپنی ۱۹۵۷ کی قراردادنمبر۱۲۲ میں اس کاوش کو رد کر دیا۔
بظاہر شیخ عبداللہ اور ہندوستان دونوں ناکام تو ہوئے لیکن دونوں نے اہلیانِ جموں و کشمیر کے سطحی اور جذباتی سوچ رکھنے والے ایک بڑے طبقے کو نظریاتی طور پر متاثر ضرور کیا ہے۔ساتھ ہی یہ حقیقت بھی اظہر من الشّمس ہے کہ گزشتہ پچہتر سالوں میں شیخ عبداللہ جیسے کشمیری سیاستدان دہلی سرکار کے ہاتھوں مسلسل تھالی کے بینگن بن کر ذاتی مفادات اور مراعات کے علاوہ اپنی قوم کیلئے کچھ بھی ہندوستان سے حاصل نہیں کر سکے ۔ اس کے نتیجے کے طور پر آ ج جموں و کشمیر میں سات لاکھ سے زیادہ فوجی گینگ ریپ، انسانی حقوق کی پامالی، ماورائے عدالت قتل ، جبری گمشدگیوں ، اغوا برائے تاوان ، نفسیاتی ٹارچر ، جعلی مقابلوں، اجتماعی قتل عام ، مقامی تجارت کے خاتمے، آئے روز کے کرفیو ، اور سکولوں، کالجوں اور دینی مدارس کی تباہی میں مصروف ہیں۔ مظالم کی یہ شرح دنیا کے کسی بھی منطقے کی نسبت بہت زیادہ ہے۔
پانچ اگست ۲۰۱۹ کو بی جے پی کی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا جو اعلان کیا ہے یہ اعلان در حقیقت اُ ن لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جنہوں نے ماضی میں مسئلہ کشمیر کو اُس کی نظریاتی بنیادوں سے جدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ جنہوں نے یہ سوچا کہ قوم پرست کشمیری بن کراور ہندوستان کے ساتھ مل کر وہ پاکستان کو نظر انداز کر کے کچھ حاصل کرپائیں گے۔
۲۷ اکتوبر کادن جہاں ہمارے لئے یومِ سیاہ ہے وہیں ہمیں یہ احساس بھی دلاتا ہے کہ نظریات سے پھسل کر کوئی بھی قوم منزل تک نہیں پہنچ سکتی۔ ہمیں اس دِن یہ احساس کرنا چاہیے کہ جو سیاستدان نظریات کی تجارت اورسودے بازی کرتے ہیں وہ رہبر نہیں بلکہ رہزن ہوتے ہیں۔یہ دِن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہمیشہ نظریات کی کسوٹی ہی حقیقی کسوٹی ہے اور اقوام کو اسی کسوٹی پر رہبر اور رہزن کو تشخیص دینا چاہیے۔