ایران میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد
ایران میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد.(سعید راجپوت)کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ اس وقت کشمیر ایک جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔ مسلمان ممالک کو اپنے معاشی مفادات کے بجائے اسلامی و انسانی اقدار کا لحاظ کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار ایران کے شہر قم میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس میں مقررین نے کیا۔کانفرنس سےآن لائن خصوصی خطاب پاکستان سے مفتی گلزار احمد نعیمی نے کیا۔انہوں نے ایران میں کشمیر کانفرنس کے انعقاد کو سرا ہا اور اس امر پر زور دیا کہ فلسطینیوں کے ساتھ بھی صرف ایران ہی کھڑا ہے۔ اس موقع پر سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور صدائے کشمیر فورم کے ترجمان نذر حافی نے کہا کہ ایران کی طرح خلیجی ریاستوں اور دیگر اسلامی ممالک میں بھی کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند ہونی چاہیے۔ نذر حافی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کوکشمیریوں سے زبانی کلامی اظہارِ یکجہتی کے علاوہ عملی اقدامات بھی کرنے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر فلسطین سے بھی زیادہ مظلوم ہے چونکہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر ساری دنیا خاموش ہے۔یاد رہے کہ قم المقدس کو ایران کا علمی دارالخلافہ بھی کہا جاتا ہے. ایران کے اس اہم شہر میں کشمیر کانفرنس کا اہتمام سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور صدائے کشمیر فورم نے کیا تھا.