مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے۔ مفتی گلزار احمد نعیمی
ایران (سعید راجپوت)کے شہر قم المقدس میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بین الاقوامی کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا انعقاد سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور صدائے کشمیر فورم نے کیا۔ کانفرنس ہال میں موجود حاضرین سے مرکزی امیر جماعت اہل حرم پاکستان مفتی گلزار احمد نعیمی نے آنلائن خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ دو عالم حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا ہمارے لئے نمونہ عمل ہیں ۔ ان کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اسلامی انقلاب نے تبدیل کیا ہے ورنہ انقلاب سے پہلے کا ایران کفار کا مطیع تھا. ایران کا اسلامی انقلاب چونکہ قرآنی تعلیمات پر مبنی ہے اس لئے اس کے ثمرات دنیا بھر کے مستضعفین تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطینیوں کے ساتھ صرف ایران کھڑا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہر مسلمان کا مسئلہ ہے۔مسلمانوں کو تمام تر مفادات سے بالاتر ہوکر کشمیریوں کی ہر ممکنہ مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیریوں کے مظالم پر ہمارا دل نہیں دکھتا تو ہمیں اپنے ایمان کے بارے میں شک کرنا چاہیے۔ انہوں نے کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالم اسلام کے سکوت اور خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا مسئلہ نہیں بلکہ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے