کراچی دہشت گرد حملے میں استعمال ہونے والی کار جیو کے ڈرامے میں بھی موجود
کراچی میں اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں استعمال ہونے والی کار اتفاقاً جیو کے ڈرامے دیوانگی کے ایک منظر میں نظر آ چکی ہے، جیو نے تفتیش میں تعاون کے لیے ڈرامے کی متعلقہ قسط کی مکمل ریکارڈنگ تفتیشی حکام کے حوالے کر دی ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر29 جون 2020 ءکو ہونے والے دہشت گرد حملے میں استعمال ہونے والی کار 10 ماہ پہلے جیو کے ڈرامے ’دیوانگی‘ کے ایک منظر میں ہل پارک میں کھڑی نظر آ رہی ہے ۔ڈرامے کی یکم جولائی 2020 ءکو نشر ہونے والی قسط نمبر 33 میں ڈرامے کے دو کردار گفتگو کرتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں تو پارکنگ ایریا میں کھڑی ایک کار پر یہی نمبر نظر آتا ہے۔جیو انتظامیہ نے تفتیش میں مدد کے جذبے کے تحت ڈرامے کی متعلقہ قسط کی مکمل ریکارڈنگ تفتیشی حکام کے حوالے کردی ہے ساتھ ہی انہیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈرامے کی یہ قسط 30 اگست 2019 کو ہل پارک میں شوٹ کی گئی تھی۔دوسری جانب اب تک کی تفتیش میں یہ پتہ چلا ہے کہ 29 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے سے صرف 4 دن پہلے یعنی 24 جون کو یہ کار ایک دہشت گرد نے سبزی منڈی پر واقع ایک شوروم سے خریدی تھی۔

