مقبوضہ کشمیرمیں اس دور کا’ارطغرل‘پیدا ہوگیا
اسلامی فتوحات پر مبنی شہر ہ آفاق ترک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ نے جہاں پاکستانیوں کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے تو وہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھی اِس تاریخی ڈرامے کا ایسا اثر ہوا ہے کہ والدین نے اپنے نوزائیدہ بچے کا نام ہی ’ارطغرل‘ رکھ دیا ہے۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر طاہر نامی صارف نے نوزائیدہ بچے کی پیدائش کے بعد بننے والے اسپتال کارڈ کی تصویر شیئر کی جس سے واضح ہو رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مقیم والدین نے اپنے بیٹے کا نام ’دیرلیش ارطغرل‘ کے مرکزی کردار ’ارطغرل‘ کے نام پر رکھا ہے۔ماہر اطفال اور صدر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن مقبوضہ کشمیر ڈاکٹر سہیل نائک نے بتایا کہ اُنہوں نے دیکھا تھا کہ موسم سرما کے دوران مقبوضہ کشمیر میں جانوروں کی کھال سے تیار کردہ ایک خاص ٹوپی خرید و فرخت کی جارہی تھی۔ڈاکٹر سہیل نائک نے بتایا کہ اُنہیں لگا کہ یہ شاید کوئی فیشن ہے لیکن جب اُنہوں نے خود ترک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ دیکھنا شروع کی تو اُنہیں معلوم ہوا کہ یہ ٹوپیاں تو ارطغرل اور اُس کے سپاہی پہنا کرتے تھے۔یاد رہے کہ پاکستان کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھی ’دیرلیش ارطغرل‘ لاک ڈاؤن کے دوران زیادہ مقبول ہوا ہے اور کشمیر عوام بڑے ہی پُرجوش انداز میں اس ترک سیریز سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔اسلامی فتوحات پر مبنی تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں 13ویں صدی میں سلطنت عثمانیہ کے قیام سے پہلے کا دور دِکھایا گیا ہے۔اِس سیریز کا مرکزی کردار ایک بہادری جنگجو ’ارطغرل‘ ہے جس نے ایمان کی طاقت، اللّہ پر یقین اور اپنی بہادری سے منگولوں، صلیبیوں جیسے دشمنوں کو شکست دی۔