رمیز راجہ نے اپنی پاک-بھارت الیون بتادی، عمران خان کپتان
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجا نے پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں پر مشتمل اپنی ون ڈے الیون بتادی، جس کا کپتان عمران خان کو بنایا ہے۔بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کے مطابق رمیز راجہ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم منتخب کی ہے۔رمیز راجا نے سابق بھارتی کپتان اور لیجنڈری بیٹسمین سنیل گواسکر کے ساتھ فیس بک لائیو چیٹ کے دوران اس ٹیم پر بات چیت کی۔سابق پاکستانی کپتان نے کہا کہ ان کے لیے پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کو ایک ٹیم میں شامل کرنا مشکل تھا جس پر ان کے بیٹے نے ان سے کہا کہ ’یہ تو بہت ہی آسان ہے، آپ کے پاس پاکستانی بولرز اور بھارتی بیٹسمین موجود ہیں۔‘رمیز راجا نے اسٹارز سے سجی اپنی لائن اپ میں بھارتی بلے باز وریندر سہواگ اور سنییل گواسکر کو بطور اوپننگ بیٹسمین شامل کیا۔انہوں نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو نمبر 3، سچن ٹینڈولکر کو نمبر 4، راہول ڈریوڈ کو نمبر 5، اور چھٹے نمبر پر مہندر سنگھ دھونی کو بطور وکٹ کیپر بیٹسمین شامل کیا۔رمیز راجا نے پاکستان کرکٹ کے چیمپیئن کپتان اور موجود وزیراعظم عمران خان کو اپنی لائن اپ کا کپتان مقرر کیا۔بولنگ لائن اپ میں رمیز راجہ نے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم، اسپیڈ اسٹار وقار یونس، دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کو بھی اپنی پلیئنگ الیون میں شامل کیا۔رمیز نے بھارتی لیگ اسپینر انیل کمبلے کو بھی اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔