روس میں ایک دن میں کورونا کے 10 ہزار کیسز
دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ کئی ممالک نے اس وبا کی وجہ سے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا ہوا ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 40 لاکھ 33 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اس وبا نے 2 لاکھ 75 ہزار کو ابدی نیند سلادیا ہے۔دنیا کے سب سے بڑے ملک روس میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید دس ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔دوسری جانب روسی افواج کے مزید 36 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔روسی وزارت دفاع کے مطابق فوج میں کورونا وائرس سے بیمار اہلکار 1576 ہوگئے، کیڈٹ اسکولوں میں 1380 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ جبکہ 275 مریض صحتیاب ہو چکے اور 3 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔اسی طرح اسپین میں مزید 721 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 179 افراد موت کا شکار ہوئے ہیں۔پاکستان کے پڑوسی ملک ایران میں ایک دن میں ڈیڑھ ہزار نئے کورونا مریض سامنے آ گئے جبکہ اس کے صوبے خوزستان میں صورتحال تشویشناک ہے۔مشرقی ایشائی ملک انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن اور سنگاپور میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔کویت کی حکومت کا کل سے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

