پنجاب کی 4 جیلوں میں 89 قیدیوں میں کورونا کی تصدیق
پنجاب کی 4 جیلوں میں سزا کاٹنے والے 89 قیدیوں میں کورونا وائرس ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔کیمپ جیل لاہور میں 59، سیالکوٹ میں 14، گوجرانوالہ میں 7 اور ڈی جی خان میں 9 قیدیوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔جیل حکام کا کہنا ہے کہ کیمپ جیل لاہور میں مجموعی طور پر 527 قیدیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے گئے، کیمپ جیل کے اب تک 438 قیدیوں کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 59 قیدیوں کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔جیل حکام کے مطابق کیمپ جیل کے 379 قیدیوں کی کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں، 89 قیدیوں کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں۔جیل حکام نے بتایا ہے کہ سیالکوٹ جیل کے 36 قیدیوں اور 19 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔جیل حکام کے مطابق کیمپ جیل سے مجموعی طور پر 1500 قیدیوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کیا گیا، 800 قیدیوں کو حافظ آباد جیل جبکہ 700 قیدیوں کو لودھراں جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔جیل حکام نے یہ بھی بتایا کہ کیمپ جیل میں 21 مارچ کو پہلے قیدی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، کورونا وائرس میں مبتلا قیدی اٹلی سے لاہور آیا اور منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہوا تھا۔