لاک ڈاؤن میں توسیع، ملک بھر کیلئے فیصلہ، اعلان آج کیا جائے گا
وزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کی تجویزپروفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کرلیا جس کا باضابطہ اعلان آج کیا جائےگا‘اجلاس میں ٹرین سروس رمضان تک معطل اور تعمیراتی سیکٹر آج سے کھولنے کا فیصلہ کیاگیا۔ادھر وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا جبکہ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے چند گھنٹے قبل وزیر اعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔وزیراعلیٰ ڈیڑھ اینٹ کی الگ مسجد بنارہے ہیں ‘سیدمرادعلی شاہ نے چند صنعتوں کو کھولنے کیلئے وقت مانگاہے ‘وزیراعلی سندھ کو مسائل ہیں تو میڈیا کی بجائے وزیر اعظم سے بات کریں۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں لاک ڈاؤن سے متعلق ملک بھر میں یکساں پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا، تعمیراتی سیکٹر کا پہلا فیز 14 اپریل سے کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔