وزیراعظم سے ناراض پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی ملاقات
کراچی سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ناراض ارکان اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی میں شکور شاد، آفتاب جہانگیر، اکرم چیمہ، عطاء اللّٰہ خان، اسلم خان، فہیم خان اور کیپٹن (ر) جمیل احمد خان و دیگر شامل تھے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اراکین نے وزیراعظم کے روبرو کراچی کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد مسائلستان بنا ہوا ہے۔ناراض اراکین اسمبلی نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں موجود کراچی کے اراکان ہماری بات نہیں سنتے، آپ ہی ہمارے مسائل پر توجہ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خان صاحب آپ سے ملاقات کی کافی عرصے سے کوشش کررہے تھے لیکن ہمیں آپ سے ملنے نہیں دیا گیا۔پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے اصل مسائل پر توجہ دلانا چاہتے تھے، ہماری ناراضی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ تحریک انصاف سے ناراض ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کہیں نہ کہیں تو دل کا بوجھ ہلکا کرنا تھا، اس لیے میڈیا کا سہارا لیا، ہم الیکٹیبلز نہیں جو بھی ہیں آپ کی مرہون منت ہیں۔وزیراعظم نے ناراض ارکان سے گفتگو میں کہا کہ آپ کے تحفظات درست ہیں، میں 27 دسمبر کو کراچی کا دورہ کرکے مسائل حل کروں گا۔عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔