پشاور زلمی کو شکست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل ٹو کے فائنل میں پہنچ گئی
شارجہ (نمائندہ خصوصی) پی ایس ایل ٹو کا پہلا پلے آف میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ شاہد آفریدی کے 34 رنز اور دھواں دار چار چھکے بھی ٹیم کے کام نہ آ سکے۔محمد نواز کا آخری اوور ڈیرن سمی الیون پر بھاری پڑ گیا اور 5 رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹے۔ پشاور زلمی کی ٹیم 200 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 199 رنز بنا سکی۔محمد حفیظ نے 77 رنز کی اننگز میں 6 چھکے لگائے۔ اوپنر ڈیوڈ میلان نے 56 سکور کئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے تین شکار کئے۔ سرفراز الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 200 رنز بنائے تھے۔مین آف دی میچ احمد شہزاد نے 71 رنز کی عمدہ باری کھیلی۔ وہاب ریاض نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔