اسلام آباد پہنچنے سے پہلے حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہیے، فضل الرحمٰن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے جو کہ اب مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں لاہور پہنچ گیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ آزادی مارچ اسلام آباد پہنچنے سے پہلے حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔مولانا فضل الرحمٰن نے ٹھوکر نیاز بیگ پہنچنے پر آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کیا جس میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے استعفے کا مطالبہ کیا۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئی ہیں جس پر انکا شکرگزار ہوں ۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ ہمیں یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور مقاصد حاصل کرنے ہیں، ہمارے آئینی حق کو چھیڑا گیا تو ذمہ دار حکمران ہوں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی مقاصد کے لئے احتساب کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے، تاجر پاکستان کےتحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔کارکنوں سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اللّٰه تعالیٰ قوم کو عظیم مقصد میں کامیاب کرے۔آزادی مارچ کے شرکاء کی لاہور میں رات بھر پڑاؤ کے بعد منزل اسلام آباد ہوگی۔