اپ ڈیٹ نہیں کیا تو پرانے فون ناکارہ ہوجائینگے، ایپل کی تنبیہ
نامور موبائل فون کمپنی ایپل نے پرانے سیٹ رکھنے والے اپنے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ اپنے موبائل فون کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ نہیں کریں گے تو وہ بند ہوجائیں گے۔غیر ملکی ٹیبلائیڈ کے مطابق آئی فون کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ اس کے آئی فون 5 کے صارفین کو 2 نومبر رات 12 بجے بمطابق گرین وچ ٹائم (پاکستانی وقت کے مطابق 3 نومبر کی صبح 5 بجے تک) اپنے موبائل فون کو آپریٹنگ سسٹم کو 10.3.4 کے ساتھ اپ ڈیٹ کرنا ہے۔اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ایسا کرنے میں صارفین ناکام ہوجاتے ہیں تو ان کا موبائل فون آن تو ہوجائے گا لیکن وہ انٹرنیٹ استعمال نہیں کرسکیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ وہ ویب براؤزر سفاری، ای میلز، ایپ اسٹور، آئی کلاؤڈ اور میپس کو بھی استعمال نہیں کر سکیں۔علاوہ ازیں آئی فون 4 ایس اور آئی پیڈ صارفین کو بھی اپنے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔کمپنی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ معاملہ جی پی ایس کے مسئلہ کی وجہ سے اٹھا ہے جو تقریباً ہر 19 سال بعد ہوتا ہے، یہ مسئلہ رواں برس اپریل میں ہوا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں استعمال ہونے والی ایپل ڈیوائسز اپنے وقت کی قطار سے ہٹ گئی ہیں۔اپریل میں آنے والے اس بگ کو ٹھیک کرنے کے لیے مختلف ڈیوائسز کی لوکیشن سروسز اور گھڑیوں کو روک دیا گیا جس نے الجھن پیدا کردی۔کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بگ آئی ایس او 10.3.4 اور آئی ایس او 9.3.6 یا اس کے بعد آنے والے سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کرنے سے ختم ہوجائیں گے، تاہم اگر کوئی صارف ایسا نہیں کرتا تو اسے پریشانی کا سامنا ہوسکتا ہے۔یاد رہے کہ اس حوالے سے ایپل نے اپنے صارفین کو جولائی میں ہی خبردار کردیا تھا کہ انہیں اکتوبر کے اختتام تک اپنا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنا لازمی ہے۔آئی فون 5 کے صارفین کو ان کے فون پر مسلسل وارننگ موصول ہورہی کہ ’آئی فون 5 کے صارفین کو یہ ایکشن کرنے کی ضرورت ہے۔‘اس کے ساتھ ساتھ آئی فون 4 ایس، آئی پیڈ 2، آئی پیڈ ود ریٹینا ڈسپلے اور آئی پیڈ فورتھ جنریشن کے بھی سافٹ ویئر کی اپ گریڈ کی ضرورت ہے۔