تاج حیدر کے گھر 9 اگست، 9 ستمبر کے بعد 9 اکتوبر کو تیسری چوری
کراچی میں پیپلز پارٹی کے سینیررہنما تاج حیدر کے گھر ایک بار پھر چوری کی واردات ہوگئی، ان کے گھر لگاتار تین ماہ میں چوری کی یہ تیسری واردات ہے۔پیپلز پارٹی کے سینئررہنما تاج حیدر نے بتایا کہ جب وہ پارٹی کے اجلاس سے واپس آئے تو گھر کا تالا کٹا ہوا تھا اور گھر کے اندر سامان بکھرا ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 وارداتیں بھی 9 تاریخ کو ہوئی تھیں اور اس بار بھی یہ تیسری واردات 9 تاریخ کو ہی ہوئی ہے۔تاج حیدر نے بتایا کہ ملزمان گھر کے تالے کاٹ کر گھر میں داخل ہوئے، پارٹی اجلاس سے واپس آیا تو پورا گھر بکھرا پڑا تھا، تیسری بار پولیس کو اطلاع دی گئی ہے پر پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی۔واقعہ کا مقدمہ تاج حیدر کی مدعیت میں گزری تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے ملزمان تاج حیدر کے گھر سے کوئی قیمتی چیز لے کر نہیں گئے، واقعہ کے وقت گھر میں کوئی نہیں تھا جبکہ تاج حیدر کی اہلیہ بھی اپنی والدہ کے گھر میں تھیں۔