مقبوضہ کشمیر: بھارت نے خوفزدہ ہو کر پولیس کو غیر مسلح کر دیا
مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارت اپنی ہی پولیس کے کشمیری اہلکاروں سے بھی خوفزدہ ہو گیا، کشمیری پولیس اہلکاروں سے اسلحہ لے کر انہیں سائیڈ لائن کر دیا گیا۔بھارتی حکام نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعینات کشمیری پولیس اہلکاروں سے ان کے ہتھیار لے کر انہیں غیر مسلح کر دیا اور انہیں صرف لاٹھیاں رکھنے کا اختیار دیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی سے نام نہ بتانے کی شرط پر بات کرتے ہوئے کشمیری پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے پہلے ان سے سرکاری اسلحہ واپس لے لیا گیا تھا۔بھارت کو خوف تھا کہ پولیس میں موجود کشمیری اہلکاروں کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف بغاوت سامنے آسکتی ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام کے پولیس کو سائیڈ لائن کرنے کے فیصلے کے بعد کشمیری پولیس اہل کار بد دل ہونے لگے ہیں اور ان میں غیر یقینی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔کشمیری پولیس اہل کاروں کا کہنا ہے کہ نہ کشمیری ان پر بھروسہ کرتے ہیں، نہ نئی دہلی میں بیٹھے حکام کو ان پر اعتبار ہے۔کشمیری پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی حیثیت صرف بھارتی فوجیوں کے مددگار کی سی رہ گئی ہے۔واضح رہے کہ 5 اگست کے بعد سے وادی میں پولیس اور بھارتی فوجوں کے درمیان جھڑپوں کے 3 واقعات ہو چکے ہیں جن میں دونوں طرف کے کئی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

