وفاقی کابینہ کی جمعے کو یومِ یکجہتیٔ کشمیر منانے کی توثیق
وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے جمعے (30 اگست) کو یومِ یک جہتیٔ کشمیر منانے کی توثیق کر دی ہے۔اس بات کا اعلان وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کابینہ کے اجلاس سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی میں کشمیر کے بارے میں مقدمہ لڑنے کے آپشنز پر غور کیا گیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کشمیریوں کی آواز بن چکے ہیں، کشمیریوں کے حق کے لیے قوم کا سڑکوں پر نکلنا دنیا کو پیغام ہے کہ اسے ڈو مور کی طرف جانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی جانب سے خطے کا امن خطرے میں ہے، اب دنیا کو ڈو مور کرنا ہی ہوگا۔وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی نے یہ بھی کہا کہ جمعے کو طلباء، سرکاری ملازمین اور سول سوسائٹی سمیت ہر پاکستانی کشمیر کاز کو ایک یا آدھا گھنٹہ لازمی دے گا۔

