مودی آگ سے کھیل رہے ہیں، شہباز شریف
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آگ سے کھیل رہے ہیں۔ایک بیان میں شہباز شریف نے بھارت کے کلسٹر ایمونیشن استعمال کرنے کی مذمت کی اور حکومت سے فوری طور پر پارلیمنٹ کا ان کیمرہ سیشن بلانے اور سنگین صورتحال پر اعتماد میں لینے کا مطالبہ کردیا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نریندر مودی آگ سے کھیل رہے ہیں، مقبوضہ جموں کشمیر کی آبادی میں تبدیلی خطرناک سازش ہے، ہر کشمیری اور پاکستانی اس سازش کو مسترد کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی آبادی میں تبدیلی بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ عالمی قانون اور اپنی قراردادوں کے تحت اس معاملے کا نوٹس لے اور ان پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان فوج کا سپاہی ہے اور افواج کے شانہ بشانہ ہے، حکومت کشمیر کے معاملے پر قومی حکمت عملی مرتب کرے اور معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھائے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت آرٹیکل 35 اے کو ختم کرنا بھارتی حماقت ہے، نریندر مودی گجرات کا قصاب بننے کے بعد اب کشمیر کا قصاب بن گیا ہے۔

