آمروں کی کٹھ پتلیوں نے ملک کو نقصان پہنچایا، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں نے ملک کے معاشرے، معیشت اور جغرافیہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔آئیے، آج 5 جولائی 1977 کو ایک کوتاہ قد آمر کے ہاتھوں پاکستانی عوام کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تختہ الٹنے کے 42 ویں یومِ سیاہ کے موقع پر ہم نظریہ جمہوریت سے تجدید عہد نو کریں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے 42 سال قبل عوامی حکومت کا تختہ الٹنے کے خلاف ہر سال ملک بھر میں منائے جانے والے یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کو مفلوج بنانے کی خاطر آمر ضیاء نے منشیات اور غیرقانونی اسلحہ کی لعنت سے ملک میں نفرت، لسانیت اور مذھبی منافرت کے بیج بوئے، تاکہ معاشرہ اپنی جمہوری و معاشی قوت سے محروم ہو جائے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پورے ملک کو جگایا اور اسے ایک متحرک قوم کی طرح اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیئے با اختیار بنایا۔ملک کے شہید وزیراعظم سمجھتے تھے کہ غربت و افلاس قدرت کے نہیں بلکہ انسانوں کے پیدا کردہ ہیں۔ لہٰذا انہوں نے ملک کے مظلوم، پسماندہ اور پسے ہوئے طبقات کی قیادت کرنے کا تہیہ کرلیا۔معاشرے کے انتھائی کمزور طبقے کو بااختیار بنانے اور ان میں ایک ولولہ پیدا کرنے پر روایتی استحصالی گروہ چوکنا ہوگیا، بالاخر اس گروہ کی سازشوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو اقتدار سے الگ کروا دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اس کے بعد ملک کے جمہوریت پسند افراد اور خصوصاً پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکنان کے خلاف تو مظالم کے پہاڑ توڑے گئے۔ ان میں سے ہزاروں افراد کو گرفتار کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر زندگی بھر کے لیئے اپاہج کردیا گیا یا پھر پابندِ سلال کیا گیا اور جب یہ حربہ بھی نہ چلا تو شہید کردیئے گئے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تاریخ کے ہاتھوں قتل ہونے کے بجائے پھانسی کا پھندا چومنے کو ترجیح دی، جس سے بطور ایک رہنما ان کی اپنی قوم سے محبت اور وفاداری عیاں ہے۔بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لیئے جدوجہد کا آغاز کیا اور ان کی زیرِقیادت چلنے والی جدوجہد اس عہد کی مقبول ترین عوامی تحریک تھی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی میراث پر سختی سے کاربند رہے گی اور ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سُکھ کا سانس نہیں لے گی۔ “جمہوریت بھترین انتقام ہے”، کے نعرے تلے پاکستان پیپلز پارٹی آمریت پسند عناصر اور ان کے سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف جدوجہد کرتی رہے گی۔جو ملک کے ہر ادارے کو اپنی طرح سلیکٹڈ بنانے اور ملک کی معیشت، اقدار اور استعداد تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف انتقامی کاروائیاں 5 جولائی کا تسلسل ہیں، کیوںکہ آمریت پسند عناصر اور جمہوریت پسندوں کے درمیان جنگ ابھی جاری ہے۔ لیکن آخری فتح پاکستان کے عوام کی ہوگی اور غربت، افلاس اور معاشی تباہی پھیلانے والوں کو شکست سے ہمکنار کرکے پاکستان کو بچائیں گے۔