بیرون ملک پاکستانیوں کے ساڑھے 7 ارب ڈالر کی موجودگی کا انکشاف
پاکستانیوں کے بیرون ملک میں ساڑھے سات ارب ڈالر موجود ہیں، جبکہ ایک لاکھ 52 ہزار اکائونٹس کی موجودگی کا بھی پتا چلاہے۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایف بی آر نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو پاکستانیوں کے اکائونٹس کے بارے میں بتایا۔ایف بی آر نے بتایا کہ اکاؤنٹس کا پتا او ای سی ڈی معاہدے کے تحت چلا، ساڑھے سات ارب ڈالر میں سے ساڑھے چار ارب ڈالرز ساڑھے چھ سو افراد کے اکاؤنٹس میں ہیں۔ایف بی آر حکام نے بتایا کہ پانچ ہزار ڈالر رکھنے والوں کو نوٹس بھیجے گئے ہیں، جبکہ ساٹھ فیصد افراد نے نوٹس ملنے پر ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اُٹھا لیاہے۔حکام ایف بی آر نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ اکاؤنٹس میں سے آدھے ٹیکس دہندگان تھے۔قائمہ کمیٹی خزانہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کی دولت کے بارے میں ایف بی آر کی اس بریفنگ پرعدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔