پاکستانی ٹیکس کم خیرات زیادہ دیتے ہیں،عظیم قوم بننے کے لیے ٹیکس ادا کریں
وزیراعظم عمران خان نے آج پاکستانی قوم سے وفاقی بجٹ سے پہلے اہم خطاب کیا.وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے کم پاکستانی ٹیکس دیتے ہیں، 30 جون ایمنسٹی اسکیم میں سب شرکت کریں، ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک اُوپر نہیں اٹھے گا۔وزیراعظم نے آج صبح نو بجے پاکستانی قوم کے نام 2 منٹ 20 سیکنڈ کا اہم ویڈیو پیغام جاری کیا. اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کے پاس وہ معلومات ہیں جو پہلی حکومتوں کے پاس نہیں تھی.بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں اور بینک اکاؤنٹس کی معلومات آرہی ہیں جو پہلے کبھی کسی حکومت کے پاس نہیں تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں کہ جن کا پیسہ باہر پڑا ہوا ہے وہ 30 جون تک اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم میں شریک ہوں اور اس سے فائدہ اٹھائیں اس کے بعد انہیں موقع نہیں ملے گا۔اپنےبے نامی اکاونٹس، بیرون ملک جائیدادیں ظاہر کرکے اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں. انہوں نے مزید کہا کہ اپنے بیوی بچوں اور بہنوں کے نام اثاثے ظاہر کریں اور فائدہ اٹھائیں.انہوں نے کہاکہ پچھلے دس سال میں پاکستان کا قرضہ 6 سے 30 ہزار ارب تک پہنچ گیا، سالانہ ہم 4 ہزار ارب ٹیکس اکھٹا کرتے ہیں جس میں سے آدھی رقم قرض کی قسط کی ادائیگی میں ختم ہوجاتی ہے اور بچ جانے والے پیسے سے ملک کے خرچے پورے نہیں ہوسکتے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا پاکستانی سب سے کم ٹیکس ادا کرتے اور خیرات سب سے زیادہ دیتے ہیں.انہوں نے کہا کہ عظیم قوم بننا ہے تو ہمیں خود کو تبدیل کرنا پڑے گا، قوم میں جذبہ آگیا تو ہم ہر سال 10 ہزار ارب روپے اکھٹا کرسکتے ہیں۔وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا پڑے گا، عوام آگے بڑھیں اور موقع دیں کہ ہم اس ملک کو پیروں پر کھڑا کریں اور لوگوں کو غربت سے نکالیں۔وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت رواں مالی سال معاشی ترقی کا طے شدہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔معاشی ترقی کی شرح نمو 6.2 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 3.3 فیصد رہی، زراعت اور صنعت کے شعبوں کی ترقی کے اہداف حاصل نہ ہو سکے تاہم بجلی اور گیس کے شعبوں میں ریکارڈ ترقی ہوئی، آئندہ مالی سال کیلئے معاشی ترقی کی شرح کا ہدف 4 فیصد رکھے ہیں

