’عمران خان کی قیادت میں 100 دن میں 34 اقدامات کئے‘
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 100 دن میں 34 اقدامات کیے گئے، عمران خان کی قیادت میں کیے اقدامات بے مثال ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی مانگنا اپوزیشن کا غیر اخلاقی مطالبہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکمران اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کا حوصلہ پیدا کریں ،ماضی میں کی گئی اربوں روپے کی کرپشن کا حساب دینا پڑے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ اپوزیشن نے حکومت میں رہ کر ہمارے ساتھ وہی سلوک کیا جو قصائی بکروں کے ساتھ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت کمیشن لینا جانتی تھی کمیشن بنانا نہیں، ہم نے کمیشن کو روکنے کے لیے کمیشن بنایا ہے ۔فواد چوہدری نےیہ بھی کہاکہ اطلاعات تک رسائی کے حق سے عوام جان سکیں گے کون سی سڑک کس ٹھیکیدار کو کتنے میں ملی ہے،یہ کرپشن سے پاک معاشرے کی طرف بڑا قدم ہے، اگر کوئی متعلقہ محکمہ 10 دن میں معلومات دینے میں ناکام ہو جاتا ہے تو کمیشن سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دینا چاہتے، میڈیا یونیوسٹی بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، یہ جنوبی ایشیا میں بہترین یونیورسٹی ہو گی، ہم نے میڈیا کو سب سے زیادہ آزادی دی۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ یہ اپنے کیے پر شرمندہ ہونے کے بجائے اس پر ڈھیٹ ہوجاتے ہیں ،اللہ کا شکر ہے ان سے جان چھوٹ گئی، ان سب کا یہ آخری الیکشن تھا۔

