سٹیزن پورٹل پر1لاکھ 1ہزار 171 شکایات درج
وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نےکہاہےکہ سٹیزن پورٹل پر 24 دن میں 4 لاکھ 54 ہزار افراد نے ایپلی کیشن کو ڈاؤن لوڈ کرکے ایک لاکھ 1 ہزار 171 شکایات درج کرائیں اب تک 16 ہزار 963 شکایات کا ازالہ کیا گیاہے۔ کرپشن یا پیسے لینے سے متعلق تاحال کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے پریس کانفرنس میں بتایاہےکہ وزیراعظم کی جانب سے عوام کی شکایات کےاندراج کا سٹیزن پورٹل سب سے زیادہ طالب علموں نے ڈاؤن لوڈ کیا ہے، بیرون ملک سے28 ہزار پاکستانیوں نےایپ ڈاؤن لوڈ کی اور 4 ہزار شکایات درج کرائیں۔معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ اس وقت 84 ہزار درخواستوں پرعمل جاری ہے، سب سے زیادہ پنجاب سے 45934 شکایات موصول ہوئیں، دوسرے نمبر پر وفاقی حکومت سے متعلق 20622 شکایات ملی ہیں، سندھ سے 18829 جبکہ کے پی سے 13825 شکایات درج کرائی گئی ہیں اور بلوچستان سے 1191 شکایات درج کرائی گئی ہیں۔ آزاد کشمیر سے 487 اور سب سے کم شکایات 136 گلگت بلتستان سے آئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میونسپل سروسز سےمتعلق 23 ہزار 78 شکایات اور توانائی سے متعلق 6303 شکایات کاازالہ کیا گیا۔افتخار درانی کا کہناہے کہ شکایات کا فوری ازالہ کیاجاتاہے۔

