ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شفیق احمد مہیسر نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے غربت اور غذائی کمی کے خاتمے کیلئے مختلف پروگرام شروع کئے گئے ہیں جو کامیابی سے چل رہے ہیں
میرپورخاص( بیورو چیف شہزاد خان صابری)ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شفیق احمد مہیسر نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے غربت اور غذائی کمی کے خاتمے کیلئے مختلف پروگرام شروع کئے گئے ہیں جو کامیابی سے چل رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک و اینیمل ہسبنڈری میرپورخاص کی جانب سے “غربت اورغذائی کمی کو ختم کرنے کے صحت مند سندھ پروجیکٹ “کے تحت محکمہ لائیواسٹاک میرپورخاص میں غریب ومستحق دیہی خواتین کو بکریاں اور مرغیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے یہ انتہائی مفید پروگرام ہے جس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زاہد حسین میمن نے کہا کہ غذائی کمی کی وجہ سے بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما بہتر نہیں ہوتی ہے اس لئے یہ پروگرام مفید اور قابل ِ تعریف ہے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک سندھ ڈاکٹر علی اکبر سومرو،نیوٹریشن پروجیکٹ انچارج ڈاکٹر نظیر حسین کلہوڑو،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک میرپورخاص ڈاکٹر ٹیکم داس اور ایس آر پی او این جی او کی انچارج مس زاہدہ ڈیتھو نے پروجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع میرپورخاص میں 300خاندانوں میں بکریاں اور مرغیاں تقسیم کرنے کا ہدف مقررکیا گیا ہے اس وقت 25خاندانوں میں بکریاں اور مرغیاں تقسیم کی جارہی ہیں فی خاندان 4 بکریاںاورایک بکرا،9مرغیاں اورایک مرغا دئے جارہے ہیں جبکہ سندھ کے ضلع تھرپارکر،بدین اور میرپورخاص میں 935خاندانوں میں بکریاں اورمرغیاں تقسیم کرنے کا ہدف مقررکیا گیا ہے ڈاکٹر نظیر کلہوڑو نے کہا کہ بکریاں اور مرغیاں شرائط کی بنیادپر دی جارہی ہیں شرائط کے مطابق بکریاں اور مرغیاں کسی کو فروخت نہیں کی جاسکیں گی بکری کا پہلا بچہ کسی دوسری غریب و مستحق عورت کو دینا ہوگا جانورکے بیمارہونے کی صور ت میں محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے مفت ویکسین و علاج کیا جائے گااورجانورکے مرنے کی صورت میں محکمہ لائیواسٹاک کو اطلاع دینا لازمی ہوگی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی مقررین نے مستحق خواتین کو ہدایت کی کہ مرغیوں کے انڈے اور بکری کا دودھ فروخت کرنے کے بجائے اپنے بچوں کو پلائیں تاکہ بچوں کی نشوونما بہتر اور صحت مند ہوسکیں اس موقع پر کمشنر نے غریب و مستحق دیہی خواتین میں بکریاں اور مرغیاں تقسیم کیں۔