قومی ہاکی پلیئرز کی فٹنس پہلی ترجیح ہوگی
لاہور(نمائندہ خصوصی)ملک بھر میں خاص طور پر کھیلوں کے حلقوں میں یہ امر دلچسپی کا باعث بنا ہے کہ پاکستان اگلے برس بھارت میں ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کا حقدار قرار پایا ہے۔اس حوالے سے ایف آئی ایچ کی جانب سے تصدیق کرتے ہوئےپاکستان کو مبارکباد پیش کی گئی ہے بلکہ ہاکی کی عالمی تنظیم کی جانب سے اس نیک خواہش کا اظہار سامنے آیا ہے کہ پاکستان عالمی ہاکی میں اپنے کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تنظیمی اور انتظامی امور کے حوالے سے اختلاف رائے کیا جاسکتا ہے لیکن یہ بات تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں کہ پی ایچ ایف کے ذمہ داران ملک میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے سنجیدگی کے ساتھ کوشاں ہیں۔خاص طور پر پی ایچ کے سیکریٹری سابق اولمپئن شہباز احمد کے ٹھوس بنیادوں پر کیے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔ملک کے بہترین مفاد میں ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مخالفین کے دروازے پر چلے جانے والے شہباز احمد نے سابق کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ان کے تجربات سے استفادہ کرنے کی کوشش کی ہے، عالمی لیگ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی عبرتناک شکست کے بعد پی ایچ ایف کے ویژن 2020 ء کے تحت کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم پر منعقد کیے جانے والے قومی تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ اور اس کے نتائج بہت حوصلہ افزا ہیں۔